نئی دہلی، 8 فروری ( یواین آئی) دہلی میں ہفتہ کو اسمبلی انتخابات کے لئے پولنگ کا آغاز کچھ سست رہا اور ابتدائی دو گھنٹوں (10 بجے تک) تک 4.33 فیصد پولنگ ہوئی۔ دہلی میں صبح ہلکی سردی کی وجہ سے پولنگ مراکز میں رائے دہندگان کی تعداد کم دیکھی گئی ۔ اس دوران وزیر خارجہ ایس جئے شنکر ، دہلی میں وزیر اعلی ارود کیجریوال، چیف سیکریٹری وجے کمار دیو، سابق نائب صدر حامد انصاری کے علاوہ کئی دیگر لیڈروں نے ووٹ ڈالا ۔ وزیر خارجہ جئے شنکر نے تغلق کریسنٹ کے این ڈی ایم سی اسکول میں ووٹ ڈالا ۔ مسٹر کیجریوال نے سول لائینز علاقے میں ووٹ ڈالا ۔ مسٹر دیو نے بھی اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کیا اور سابق صدر حامد انصاری نے نریمان بھون کے پاس پولنگ مرکز میں ووٹ ڈالا ۔ اس دوران دہلی کے لکشمی نگر میں ایک دولہا نے شادی کی تقریب میں جانے سے قبل ووٹ ڈالا ۔ دارالحکومت کے یمنا وہار سمیت دیگر کئی علاقوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں تکنیکی خرابی آنے کی وجہ سے پولنگ تاخیر سے شروع ہوئی ۔ شاہین باغ میں بھی پولنگ پرُامن طریقے سے ہو رہی ہے اور وہاں اس کے لئے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں ۔
یواین آئی