شمال مشرقی ریاستوں میں بوڈو معاہدہ امن اور ترقی کی نئی عبارت لکھے گا :ـمودی
یواین آئی
گواہاٹی؍؍وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو یہاں کہا ہے کہ شمال مشرقی ریاستوں میں بوڈو معاہدہ امن اور ترقی کی نئی عبارت لکھے گا اور انہوںنے اس کے ساتھ ہی ملک کے سبھی علیحدگی پسند اور نکسلی گروپوں سے تشددکا راستہ ترک کرکے ملک کے اصل دھارے میں آنے کی اپیل کی۔حکومت اوربوڈو تنظیموں کے درمیان ہوئے تیسرے معاہدے کے سلسلے میں جشن منانے کے لئے اکٹھی ہوئی عوام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ’’میں بندوق کی طاقت میں یقین کرنے والے ان سبھی لوگوں سے بوڈو نوجوانوں سے سیکھنے کی اپیل کرتا ہوں کہ وہ تشدد کا راستہ چھوڑ کر ملک کے اصل دھارے میں آئیں اور زندگی کا لطف اٹھائیں‘‘۔مسٹر مودی نے کہا کہ’’آج آسام سمیت پورے شمال مشرق کے لئے 21ویں صدی میں ایک نئی ابتدا، ایک نئی صبح، ایک نئی تحریک کا خیر مقدم کرنے کا دن ہے ۔‘‘مسٹر مودی نے کہا کہ’’بوڈو معاہدے کے تحت ، بی ٹی ڈی کے اندر آنے والے علاقے کی سرحد کو ٹھیک کرنے کے لئے ایک کمیشن کی بھی تشکیل دی جائے گی۔ اس علاقے کو 1500کروڑ روپے کا خصوصی پیکیجملے گا جس سے کوکراجھاڑ، چرانگ، بکسا اور ادلگوری جیسے اضلاع کو کافی فائدہ پہنچے گا‘‘۔مسٹر مودی کا یہ آسام کا دورہ بوڈو معاہدے کے بعد ہوا ہے ۔ یہ تیسرا موقع ہے جب اس طرح کا کوئی سمجھوتہ ہوا ہے ۔ اس سے پہلے دو معاہدے 1993اور 2003 میں ہوئے تھے ۔ تیسرا معاہدہ 27جنوری کو نئی دہلی میں نیشنل ڈیموکریٹک فرنٹ آف بوڈولینڈ (این ڈی ایف بی) کے سبھی چار فریقوں کے لیڈروں کے ساتھ کیا گیا تھا۔ یہ چاروں فریق پہلے ایک الگ بوڈولینڈ ریاست کا مطالبہ کررہے تھے ۔معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد 30جنوری کو گواہاٹی میں منعقد ایک تقریب کے دوران این ڈی ایف بی کے 1615اراکین نے ایک سیریز رائفل، ایم 16 رائفل، 4803راؤنڈ گولہ بارود، 14گرینیڈ، ایک 2انچ موٹار سمیت 178ہتھیاروں کو سلامتی فورسوں کے حوالے کردیا تھا۔وزیراعظم نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کا نام لئے بغیر کہا کہ لوگ انہیں ڈنڈے سے مارنے کی بات کرتے ہیں لیکن انہیں ماؤں اور بہنوں کا آشیرواد حاصل ہے ، جو ان کی حفاظت کرتا ہے ۔شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے )کے خلاف شروع ہونے کے بعد وزیراعظم کا یہ پہلا آسام دورہ ہے ۔مسٹر مودی نے سی اے اے کے مسئلہ پر کہا کہ’’میں آسام کے لوگوں کو بھروسہ دلانا چاہتا ہوں کہ سی اے اے سے کوئی باہر شخص ملک میں نہیں آئے گا۔ اس قانون کے سلسلے میں بہت سی غلط فہمیاں کئی ایسے لوگوں کے ذریعہ پھیلائی جارہی ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ ان کی حکومت آسام معاہدے کا پارٹ 6کا بہت جلد نفاذ کرے گی۔انہوںنے کہا کہ’’جیسے ہی ہمیں کمیشن کی رپورٹ ملے گی، ہم آسام معاہدے کے پارٹ 6 کا نفاذ کردیں گے ۔ ہم اس میں کوئی تاخیر نہیں کریں گے ۔وزیراعظم نے کوکراجھاڑ کے لوگوں کے ذریعہ موٹر سائیکل ریلی نکالے جانے اور مٹی کے دیئے جلانے کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن کئی شہیدوں کی قربانی کے بعد آیا ہے ۔مسٹر مودی نے کہا کہ’’آج آسام ہی نہیں پورے شمال مشرق کے لئے ایک نیا دن ہے ۔ آج کا دن یہ عزم کرنے کا دن ہے کہ ترقی اور یقین کو اپنایا جائے اور تشدد کو ختم کیا جائے ۔