کہاحکومت لوگوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنے اور بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کیلئے پُر عزم
لازوال ڈیسک
جموں؍؍حکومت جموں کشمیر یو ٹی کے لوگوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنے اور بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے کیلئے پُر عزم ہے اور اس سلسلے میں لوگوں کے مسایل و مطالبات کو پورا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے ۔ ان باتوں کا اظہار پرنسپل سیکرٹری پشو و بھیڑ پالن اور ٹرانسپورٹ ڈاکٹر اصغر حسن سامون اور امدادِ باہمی و قبائلی امور کے سیکرٹری عبدالمجید بٹ نے پی ڈبلیو ڈی گیسٹ ہاوس گاندھی نگر جموں میں ایک عوامی رابطہ پروگرام کے دوران کیا ۔ اس موقعہ پر متعدد وفود اور افراد نے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹریوں کے ساتھ ملاقات کی اور اپنے اپنے مسائل کو اجاگر کیا۔ سابقہ فوجیوں کے ایک وفد نے سینک کالونی علاقے میں 50 برسوں سے التوا میں پڑے اُن کے پلاٹوں کے معاملے کو اجاگر کیا ۔ سانبہ سے تعلق رکھنے والے گوجر اور بکروال طبقے کے وفد نے سانبہ ضلع میں گرلز ہوسٹل اور کمیونٹی ہال تعمیر کرنے کا مطالبہ کیا ۔ ڈوڈہ ضلع کے وفد جس کی قیادت پنچاری پنچائت کے سرپنچ کر رہے تھے نے کئی مطالبات انتظامی سیکریٹریوں کے سامنے رکھے ۔ پھلایاں ، منڈل اور آر ایس پورہ کے ڈیری فارمروں کے ایک وفد نے انتظامی سیکریٹریوں کے سامنے مطالبات پر مشتمل ایک میمورنڈم رکھا اور کہا کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کیا جانا چاہئیے ۔ دریں اثنا کافی تعداد میں لوگوں نے بھی انتظامی سیکریٹریوں کے ساتھ ملاقات کی اور بجلی ، پانی ، صحت ، تعلیم ، سڑک رابطوں اور دیگر شعبوں کے مسائل اُن کے سامنے رکھے ۔ انتظامی سیکریٹریوں نے جموں کشمیر کے لوگوں سے کہا کہ وہ آگے آ کر عوامی رابطہ کاری پروگراموں میں اپنے مسائل کو اجاگر کریں تا کہ ترقیاتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ انتظامی سیکریٹریوں نے وفود کے مسائل غور سے سُنے اور یقین دلایا کہ ان پر ہمدردانہ غور کیا جائے گا ۔ انہوں نے کئی ایک مسائل کو موقعہ پر ہی حل کرنے کی ہدایات دیں ۔ عوامی دربار کے دوران کئی دیگر محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ جنہوں نے لوگوں کے مسائل جلد از جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔