حکومت جموں کشمیر میں فلم سازی کیلئے مناسب اور متحرک ماحول قائم کر رہی ہے :نمرتاڈوگرہ

0
0

محکمہ اطلاعات نے متعلقین کے ساتھ فلم پالیسی کے مسودے پر تبادلہ خیال کیا
لازوال ڈیسک

جموں؍؍جموں و کشمیر فلم پالیسی 2020 کے مسودے پر آج پہلی میٹنگ جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن جموں نمرتا ڈوگرہ کی صدارت میں منعقد ہوئی ۔ میٹنگ میں ڈپٹی ڈائریکٹر اے وی راکیش دوبے ، انفارمیشن افسر جہانگیر احمد ، آشو کماری ، فلم پروڈکشن افسر آفاق گدا کے علاوہ دیگر کئی متعلقین نے شرکت کی جن میں مشتاق کاک ، سندیپ ورما ، اتل دُگل ، ابھیشیک بھارتی ، سدیش ورما ، رمن واٹس اور دیگر کئی شخصیات شامل ہیں ۔ میٹنگ کے دوران جموں کشمیر فلم پالیسی 2020 کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے نمرتا ڈوگرہ نے سنگل ونڈو سسٹم قائم کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے قانونی پرمٹ کی اجرائی میں آسانی ہو گی ۔ اس پالیسی کو اہم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلم سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے سے جموں کشمیر میں زیادہ سے زیادہ لوگ اس صنعت میں سرمایہ کاری کریں گے ۔ ٹریڈ پرموشن آرگنائیزیشن کی جانب سے تشکیل دی گئی پالیسی کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت جموں کشمیر میں فلم صنعت کو مزید متحرک اور مستحکم بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے ۔ جوائینٹ ڈائریکٹر نے متعلقین سے کہا کہ وہ پالیسی کے تعلق سے اپنی آراء اور تجاویز دیں ۔ متعلقہ افراد نے حکومت کی جانب سے شروع کی گئی اس پہل کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ اس قدم سے روز گار کے نئے وسائل پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے فلم سازی کیلئے بنیادی ڈھانچے کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ۔ اس سے قبل ارنیسٹ اینڈ ینگ کے نمائیندے رمن واٹس نے فلم پالیسی کا مسودہ شرکاء کے سامنے پیش کیا اور اس کے خدو خال پر تفصیلی جانکاری دی ۔ پالیسی کے تحت جموں کشمیر کو فلم سازی کا ایک مقام بنانے پر زور دیا گیا ہے ۔ پالیسی کے تحت جموں و کشمیر فلم ڈیولپمنٹ کونسل کو تشکیل دینے کی تجویز بھی ہے یہ کونسل جموں کشمیر میں فلم سازی کے تعلق سے اہم فیصلے لینے کی مجاز ہو گی ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا