حیدرآباد؍؍چین سے پھوٹ پڑے کرونا وائرس کے نتیجہ میں شہر حیدرآباد کے شمس آباد ایرپورٹ پر سخت چوکسی اختیار کی گئی ہے اورمسافرین کی جانچ کا کام کیاجارہا ہے ۔چین،ہانگ کانگ،تھائی لینڈ،سنگاپور اورملیشیا سے آنے والے تمام مسافرین کی اس ایرپورٹ پر تھرمل اسکریننگ کی جارہی ہے ۔تاحال اس موذی وائرس کے پھوٹ پڑنے کے بعد سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر 2733مسافرین کی اسکریننگ کا کام انجام دیا گیا اور 27مسافرین کو ان کے گھروں پر الگ تھلگ رکھا جارہا ہے ۔ایک مسافر کو فیور اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے جبکہ ایک اور مسافر کو گاندھی اسپتال منتقل کیاگیا ہے جن کی نگرانی علحدہ وارڈ میں رکھ کر کی جارہی ہے ۔مسافرین سے حاصل کردہ 19نمونے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف وائرلوجی پونے کو جانچ کے لئے بھیجے گئے ہیں اور تمام کے تمام منفی پائے گئے ۔گھروں اور اسپتالوں میں نگرانی کے لئے رکھے گئے مسافرین کی حالت مستحکم ہے ۔ریاستی محکمہ صحت کے عہدیداروں کی ہیلپ لائن 040-24651119 کارکرد ہے اور اس کو اب تک 125فون کالس موصول ہوئے ہیں۔محکمہ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ ریاست میں 4275پروفیشنل پروٹکشن ایکوپمنٹ اور 15000این 95ماسکس دسیتاب ہیں۔ایرپورٹ پر ایک ایمبولنس کو بھی تیار رکھا گیا ہے تاکہ مشتبہ مریضوں کو فوری طورپر ایرپورٹ سے سیدھے اسپتال منتقل کیاجاسکے ۔