نومبر 2020ء تک بڑے پروجیکٹوں کی تکمیل سے سرینگر کی جاذبیت میں اضافہ ہوگا:صوبائی کمشنر
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کہا ہے کہ نومبر 2020ء تک بڑے اور اہم پروجیکٹو ں کی تکمیل سے سرینگر کی جاذبیت میں اضافہ ہوگا۔انہوںنے ان باتوں کا اظہار آج ایک میٹنگ کے دوران کیا۔میٹنگ میں ترقیاتی کمشنر سرینگر شاہد اقبال چودھری،چیف انجینئر آر اینڈ بی ،پی ایچ ای ،اری گیشن اورسی ایم او سرینگر کے علاوہ اے ڈی سی سرینگر نیز مختلف محکموں کے آفیسران نے شرکت کی۔سرینگر شہر میں بجلی کے منظر نامے میںبہتری کے لئے صوبائی کمشنرنے متعلقہ آفیسران پر زوردیا کہ وہ اگلے چند روز کے اندر اندر آلسٹینگ گرڈ اسٹیشن کے کام کاج کے بعد بجلی کی کٹوتی کے عمل میں کمی کریں۔سرکاری اراضی پر ناجائز تجاوزات کے بارے میںانہوںنے کہاکہ اس طرح کی تجاوزات کے لئے متعلقہ آفیسران کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ جہاں کہیں بھی سرکاری اراضی کو ناجائز قبضے سے چھڑایا جائے گاو ہاں متعلقہ محکمہ کے لئے لازمی ہے کہ وہ اراضی کے کناروں پر فینسنگ کھڑا کریں۔اے ڈی سی سرینگر تجاوزات کی زد میں آئی اراضی کو چھڑانے کے عمل کی باقاعدگی کے ساتھ نگرانی کریں گے۔آنے والے سیاحتی سیزن کے لئے تیاریوں کا جائزہ لینے کے دوران صوبائی کمشنر نے متعلقہ آفیسران کو سیاحتی مقامات پر لائیٹننگ کی آڈٹ کرنے اورناکارہ لائٹوں کی فوری مرمت کرنے کی ہدایت دی۔انہوںنے فلڈ منیجمنٹ پلان کاجائزہ لینے کے لئے بھی آفیسران کو ہدایت دی ۔انہوںنے کہا کہ غیر قانونی طور معدنیات نکالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے ۔اس دوران صوبائی کمشنر نے آفیسران پر زوردیا کہ وہ سمارٹ سٹی پروجیکٹ کے لئے یکم مارچ تک کاغذی کارروائی مکمل کریں۔اس دورا ن ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری نے سرینگر میں جاری مختلف پروجیکٹوںکی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی۔