جموں وکشمیر بنک میں پروبیشنری افسروں اور بنکنگ ایسوسی ایٹس کی اسامیاں

0
0

امیدواروں کا امتحانات کے نتائج ظاہر کرنے کے مطالبے کو لیکر احتجاج
یواین آئی

جموں؍؍ جموں وکشمیر بنک میں پروبیشنری افسروں اور بنکنگ ایسوسی ایٹس کی اسامیوں کے لئے امتحانات دینے والے امیدواروں کے ایک گروپ نے منگل کے روز یہاں بنک ہیڈکوارٹر کے سامنے دھرنا دیکر امتحانات کے نتائج مزید کسی تاخیر کے ظاہر کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاجی امیدواروں کا کہنا تھا کہ پروبیشنری افسروں اور بنکنگ ایسوسی ایٹس کی اسامیوں کے لئے لئے گئے امتحانات کے نتائج دس ماہ بیت جانے کے باوجود بھی ظاہر نہیں کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے ہزاروں امیدوار شش وپنج کے اتھاہ دلدل میں پھنس چکے ہیں۔احتجاجی امیدواروں جنہوں نے اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور ‘وی وانٹ ریزلٹس اور وی وانٹ جسٹس’ جیسے نعرے لگارہے تھے، کا کہنا تھا: ‘بھرتی نوٹیفکیشن کو جاری ہوئے ڈیڑھ سال سے زیادہ عرصہ گزر چکا ہے۔ جب نوٹیفکیشن جاری ہوا تھا تو ہم بہت خوش ہوئے تھے۔ ہم نے امتحانات کے لئے بہت تیاری کی تھی۔ لیکن ابھی تک ریزلٹ کا کوئی اتہ پتہ نہیں ہے۔ ہمارے مستقبل کے ساتھ کھیلا جارہا ہے’۔ ادھر وادی کشمیر میں بھی جے کے بنک کی طرف سے متذکرہ اسامیوں کو پُر کرنے کے لئے لئے گئے امتحانات میں حصہ لینے والے امیدواروں نے بتایا کہ دس مہینے بیت جانے کے باوجود بھی نتائج نامعلوم وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا: ‘جموں کشمیر بنک نے قریب ڈیڑھ برس قبل بنکنگ ایسوسی ایٹس اور پروبیشنری افسروں کی اسامیاں پْر کرنے کے لئے درخواستیں طلب کیں، ایک لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے فارم بھی جمع کئے اور امسال کے ماہ اپریل میں امتحانات میں حصہ بھی لیا لیکن نصف برس گزر گیا اب تک نتائج ظاہر نہیں کئے جارہے ہیں’۔امیدواروں کا کہنا ہے کہ بنک حکام نے نتائج بہت جلد ظاہر کرنے کا وعدہ کیا تھا۔انہوں نے کہا: ‘گزشتہ سال ماہ اپریل میں جب ہم نے امتحانات دیئے تو متعلقہ حکام نے وعدہ کیا کہ زیادہ سے زیادہ ایک ماہ میں نتائج ظاہر کرکے اسامیوں کو پْر کیا جائے گا لیکن ہم انتظار کرتے کرتے تھک گئے، نتائج ظاہر نہیں ہورہے ہیں’۔جے کے بنک کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چبر نے گزشتہ ماہ ایک انٹرویو میں کہا تھا: ‘ہم چاہتے ہیں کہ عمل بہت جلدی مکمل ہوجائے اس پر کافی خرچہ آیا، لیکن یہاں پچھلے کافی دیر سے نیٹ ورک معاملہ ہے جس کی وجہ سے اس عمل نے طول پکڑا، میں یقین دلاتا ہوں کہ انٹرنیٹ بحال ہونے کے فوراً بعد نتائج کو ظاہر کرنے کی کوشش کی جائے گی’۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا