مہاپولی، تعلقہ بھیونڈی، ضلع تھانہ، مہاراشٹر میں منعقدہ ترغیبی و رہنمائی پروگرام میں ماہرین نے ڈھائی ہزار سے بھی زائد طلبہ، والدین اور اساتذہ سے خطاب کیا
فہیم مومن
مہاپولی بھیونڈی؍؍ مہاپولی کے محمد عبداللہ حسین بھورے میرج ہال کے وسیع وعریض گراؤنڈ پر پر بروز اتوار ۲ فروری ۲۰۲۰ء ایک عظیم الشان ترغیبی و رہنمائی پروگرام بعنوان ’’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ مہاراشٹر راجیہ الپ سنکھیانک ادھیکاری کرمچاری ایسو سی ایشن (مراکا) اور الحکمہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفیر ٹرسٹ کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام میں کلیان ، بھیونڈی، پالگھر اور تھانے ضلع کے چالیس سے بھی زائد اردو اسکولوں سے تقریبا ڈھائی ہزارطلباء و طالبات، اراکین انتظامیہ، پرنسپلس، اساتذہ کرام اور عمائدین شہرنے شرکت کی۔ ڈاکٹر صادق پٹیل صاحب (سابق ڈین جے جے ہاسپٹل ممبئی)، ڈاکٹر ایم اے خان صاحب (سی ای او حج کمیٹی ممبئی) اور ڈاکٹر ظہیر قاضی صاحب (صدر انجمن اسلام ممبئی) بحیثیت مہمان خصوصی اس پروگرام میں شریک رہے۔ مولانا مناظر حسین ترک صاحب (سیکریٹری الحکمہ ایجوکیشنل اینڈ ویلفئیر ٹرسٹ) نے پروگرام کی صدارت فرمائی۔ طلباء کو ترغیب اور تحریک دینے کے لیے جموں سے تشریف لائیں ڈاکٹر رویداسلام (ڈپٹی کمشنر انکم ٹیکس، جموں)، ڈاکٹر شکیل شیخ (ایم ڈی.ڈی ایم، اسسٹنٹ پروفیسر جے جے ہاسپٹل)، محترم سلیم پانوالے صاحب (انڈین اسٹیٹسٹیکل سروسیس) اور ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے محترم نورالحسن صاحب (آئی پی ایس) نے طلبہ کی رہنمائی کی۔ اس موقع پر مرا کا کے ریاستی صدر محترم حاجی سیفن جتکر صاحب کو ’’قائداقلیت ایوارڈ‘‘ سے نوازا گیا. آپ نے تنظیم کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس سے جڑنے کے فوائد اور اتحاد کی طاقت کو بیان کیا۔ پروگرام کا آغاز مومن فیاض احمد (معلم صمدیہ ہائی سکول و ممبر مراکا) کی تلاوت کلام پاک سے ہوا. محترم سروش بھورے صاحب(ورکنگ پریسیڈنٹ مراکا ضلع تھانہ اور پریسیڈنٹ الحکمہ ایجوکیشنل و ویلفئیر ٹرسٹ) نے پروگرام کی غرض وغایت بیان کرتے ہوئے ہوئے طلبا و طالبات سے کہا کہ آج اس اسٹیج پر جو آفتاب وماہتاب موجود ہیں وہ سب آپ کی رہنمائی اور کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے یہاں آئے ہیں میں اپنی جانب سے ان تمام کا استقبال کرتا ہوں اور آپ کو یہ تلقین کرتا ہوں کہ آج آپ اس مجلس سے جو بھی حاصل کریں اسے اپنی عملی زندگی کا حصہ ضرور بنائیں تاکہ نہ صرف آپ کامیاب ہوں بلکہ آپ کی کامیابی آپ کے والدین، آپ کے اساتذہ اور آپ کے سماج کے لوگوں کے لیے مشعل راہ بن سکے۔ مومن فہیم احمد (لیکچرر صمدیہ جونیئر کالج و ممبر مراکا) نے پروگرام میں آئے ہوئے رول ماڈلز کا تفصیلی تعارف اور ان کے کارہائے نمایاں حاضرین کے سامنے پیش کیے، مہمان کے ذریعے ان کی عزت افزائی اور پذیرائی کی گئی۔ محترم فاروق کھاٹک (سیکرٹری مراکا ضلع تھانہ) نے نظامت کی ذمہ داریاں بخوبی نبھائیں۔ طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رویدا سلام نے کہا کہ آپ کے لئے رول ماڈل آپ کے والدین ہیں جو دن رات آپ کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرتے ہیں ہمارے سامنے صحابہؓ اور صحابیاتؓ کی زندگی اور قرآن کا پہلا پیغام ا قراء ترغیب و تحریک کا ذریعہ ہے، آج بھی اعلی تعلیم میں ہماری شرح بہت کم ہے کیونکہ ہم خواب نہیں دیکھتے۔ اپنے انٹرویو یو کا ایک واقعہ بیان کرتے ہوئے انہوں نے کہا ان کے اعلی افسر نے انٹرویو کے دوران ان سے سوال پوچھا کہ طالبات کی تعلیم کیوں ضروری ہے؟ اور بتایا کہ ایک تعلیم یافتہ خاتون پورے خاندان اور آئندہ نسلوں کی بہتر تربیت کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ آپ نے اپنی تقریر کے دوران کہا کہ ’’صرف تعلیم ہی وہ ذریعہ ہے جس کے ذریعہ ہم اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں‘‘۔ اس کے علاوہ آپ نے فاطمہ شیخ، ساوتری بائی پھلے، جیوتی با پھلے اور ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام کی مثالیں بیان کرتے ہوئے طلبہ کو اعلی تعلیم حاصل کرنے اور اپنے سماج کے لیے مفید اثاثہ بننے تلقین کی۔ ڈاکٹر شکیل شیخ صاحب نے اپنی گفتگو کا آغاز حضرت سلیمان علیہ السلام کے ایک واقعے سے کیا اس کے علاوہ آپ نے طلباء کو پڑھائی کیسے کی جائے؟ اپنے اندر خود اعتمادی کیسے پیدا کی جائے؟ اور دیگر نکات، عادتوں دلچسپیوں کی بنا پراپنے کریئر کا انتخاب کرنا اور پھر اپنے آپ کو اس کے لیے وقف کر دینا ان باتوں کا تذکرہ کیا۔ اس موقع پر اخلاق شیخ (کاوش)کے تعاون سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے محترم نور الحسن حسن (آئی پی ایس) نے بھی طلباء سے خطاب کیا اور مختلف مثالوں کے ذریعے طلبہ کو اعلی تعلیم، بالخصوص سول سروسیز میں اپنی نمائندگی بڑھانے کی تلقین کی۔ محترم سلیم پان والے جنہوں نے حال ہی میں انڈین اسٹیٹسٹیکل سروسز(آئی ایس ایس) کا امتحان کامیاب کیا، ملک بھر میں بتیس امیدواروں میں آپ کا مقام بیسواں رہا اور مہاراشٹر سے آپ واحد امیدوار تھے جنہوں نے اس امتحان میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ طلباء سے خطاب کرتے ہوئے سلیم پان والے نے اپنے تعلیمی سفر کا تذکرہ کیا، طلبہ کو اعلی تعلیم حاصل کرنے، کبھی ہمت نہ ہارنے اور مسلسل جدوجہد کرتے رہنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر مقامی طور پر نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے مختلف طلباوطالبات کی مہمانان کے ذریعے پذیرائی کی گئی مہمانان خصوصی محترم ڈاکٹر صادق پٹیل صاحب، محترم ایم اے خان صاحب، محترم ظہیر قاضی صاحب، محترم عرفان بھورے صاحب، محترم بابر اشرف صاحب اور پروگرام کی صدارت فرمارہے مولانا مناظر حسین ترک صاحب نے بھی طلبہ سے خطاب کیا اور تعلیم، جدوجہد، اخلاق و اعلیٰ کردار اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ اس پروگرام میں مہمانان اعزازی کے طور پر مراکا کے اعلیٰ عہدیداران و اراکین میں ریاستی صدر محترم حاجی سیفن جتکر صاحب (ڈپٹی کمشنر جی ایس ٹی)، محترم عزیز شیخ (کمشنر میونسپل کارپوریشن)، محترم سلیم شیخ (ایکزیکیٹیو انجینئر پی ڈبلیو ڈی)، محترم یوسف نشاندار (سابق ایکزیکیٹیو انجینئر سڈکو)، محترم اشفاق شیخ (اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹائون پلاننگ)، محترم نذیر شیخ (ڈپٹی کمشنر جی ایس ٹی)، محترم دستگیر ملا(گزیٹ اسٹینو)، محترم سہیل خان (سابق ایکزیکیٹیو انجینئر سڈکو)، محترم ہارون انعامدار(ڈپٹی انجینئر کے ڈی ایم سی، ضلع صدر ،مراکا)، محترم صادق شیخ (بچت گٹ ڈیویلپمنٹ آفیسر)کے علاوہ محترم عرفان بھورے (چیئرمن ایم ایس پٹھان اسکول و کالجیز)، محترم عرفان ملا(سینیئر ایکزیکیٹیو انجینئر ) او ایڈوکیٹ آصف اقبال (جموں) ، ڈاکٹر عیسیٰ ندوی (نائب صدر الحکمہ ٹرسٹ) بھی شریک رہے۔ پروگرام میں طلبہ کو لانے لیجانے کے لیے مفت بس سروس کا اہتمام الحکمہ ٹرسٹ کی جانب سے کیا گیا۔ ایم ایس پٹھان اسکول و جونیر کالج کے پرنسپل محترم اسلم خان صاحب نے تمام مہمانان و حاضرین کا شکریہ ادا کیا آپ کی منصوبہ بندی اور رفقائے کار و ایم ایس پٹھان اسکول کے سپر وائزر نوشاد پٹیل و اسٹاف اراکین ، محترمہ قیصر ڈھولے (پرنسپل النور گرلز ہائی اسکول وجونیر کالج) اور ان کے اسٹاف اراکین اور مراکا کے مقامی و ضلعی ذمہ داران پرنسپل ضیاء الرحمن انصاری، ہیڈ ماسٹر شبیر فاروقی، ظفر مجاور، سائرہ بانو، نہالہ مومن، عبدالمجید انصاری، فہیم مومن، فیاض مومن، رحمان شیخ، ذاکر سر، اسٹار اکیڈمی کے ہلال انصاری سر و شکیل شیخ ، اخلاق شیخ (کاوش گروپ)اور دیگر ذمہ داران کے تعاون سے پروگرام مغرب کے وقت اختتام کو پہنچا۔ اسٹیج اور منڈپ کی سجاوٹ کے لیے شہباز پٹیل صاحب کا تعاون حاصل رہا۔ بعد ازاں بھورے فیمیلی کی جانب سے مہمانان کی ضیافت اور عشائیے کا نظم کیا گیا۔