عینی شاہدین کے بیان پر مقدمہ درج، پولیس ابھی تک نہیں کر پائی ملزموں کی شناخت
یواین آئی
نئی دہلی؍؍دہلی کے جنوب مشرقی ضلع میں واقع کے جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر -5 پر اتوار دیر رات فائرنگ معاملے میں پولیس نے یوسف خان (31) کے بیان پر مقدمہ درج کیا ہے۔پولیس کو دی گئی شکایت میں یوسف خان نے بتایا کہ وہ گزشتہ دیر رات کھانا کھانے کے بعد جامعہ میٹرو اسٹیشن کی طرف جا رہا تھا۔ تبھی رات پونے 12 بجے لال اسکوٹی پر سوار دو نوجوان جامعہ کے گیٹ نمبر -5 کے پاس آئے اور پیچھے بیٹھے نوجوان نے گاڑی پر کھڑے ہو کر ہوا میں ایک گولی چلائی اور وہ ہولی فیملی اسپتال کی جانب سے فرار ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد وہاں افرا تفری مچ گئی۔ پولیس کے سینئر افسر کے مطابق، گولی چلانے والوں کی گاڑی کا نمبر بھی مظاہرہ کر رہے لوگوں نے نوٹ کیا ہے۔ فی الحال پولیس ملزم نوجوانوں کی تلاش کر رہی ہے۔گزشتہ دیر رات کے واقعہ کے بعد پولیس نے مظاہرے کے مقام پر پولیس فورس بڑھا دی ہے۔مظاہرہ کے درمیان مسلسل گولی چلنے کے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے پولیس کے سینئر حکام نے جامعہ میں پولیس فورس کی تعداد بڑھا دی ہے۔ اس معاملے میں جنوب مشرقی ضلع کے ڈپٹی کمشنر کمار گیانیش نے بتایا کہ’ہم نے سیکورٹی کا جائزہ لیا ہے۔ سیکورٹی انتظامات کو اور بھی پختہ کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جامعہ انتظامیہ سے کسی طرح کا مظاہرہ روڈ پر نہ ہونے دینے پر بھی زور دیا ہے۔جامعہ ملیہ اسلامیہ کے گیٹ نمبر -5 کے پاس اتوار دیر رات 12 بجے کے قریب لال اسکوٹی سوار بدمعاشوں نے ہوا میں گولیاں چلائیں۔ واردات کو انجام دینے کے بعد بدمعاش موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعہ میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔ اس واقعہ سے افرا تفری مچ گئی اور وہاں جمع ہوئے طلبا نے مظاہرہ شروع کر دیا۔