2 سیکورٹی اہلکاروں اور 4 عام شہریوں سمیت 6 زخمی
یواین آئی
سرینگر؍؍جموں وکشمیر کے گرمائی دارالحکومت سری نگر کے قلب میں واقع پرتاب پارک میں اتوار کو ہونے والے ایک گرینیڈ حملے میں چار عام شہریوں اور دو سیکورٹی اہلکاروں سمیت کم از کم آدھ درجن افراد زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مشتبہ جنگجوئوں نے اتوار کو دوپہر کے وقت قریب 12 بجکر 40 منٹ پر پرتاب پارک کے ایک کونے میں کھڑے سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) اہلکاروں کو نشانہ بناکر گرینیڈ داغا جس کے نتیجے میں دو سی آر پی ایف اہلکار اور کم از کم چار عام شہری زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ زخمی سی آر پی ایف اہلکاروں اور عام شہریوں کو فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم سبھی زخمیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں۔اس گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے ہر اتوار کو لگنے والے سنڈے مارکیٹ میں افراتفری مچ گئی اور ریگل چوک سے تاریخی گھنٹہ گھر تک کے حصے میں موجود لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھا گیا۔ تاہم سنڈے مارکیٹ میں تجارتی سرگرمیاں کچھ منٹوں تک معطل رہنے کے بعد دوبارہ بحال ہوگئیں۔ گرینیڈ حملے کے فوراً بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا اور گاڑیوں کی تلاشی لینا شروع کردیا تاہم گرینیڈ پھینکنے والے افراد فرار ہونے میں کامیاب ہوچکے تھے۔ سی آر پی ایف کے پی آر او پنکج سنگھ نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ دھماکے میں سی آر پی ایف کے دو اہلکار اور چار عام شہری زخمی ہوئے۔ انہوں نے زخمی اہلکاروں کی شناخت سی کمپنی 171 بٹالین سی آر پی ایف سے وابستہ حوالدار راجیو بسوال اور ایس کے پٹنایک کے طور پر ظاہر کی۔ پنکج سنگھ نے کہا کہ سبھی زخمیوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی تھیں اور ایک سی آر پی ایف اہلکار کو فرسٹ ایڈ دینے کے بعد ہسپتال سے رخصت کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا: ‘یہ ایک بیوقوفانہ حرکت تھی’۔جائے واردات پر پہنچنے والے آئی جی سی آر پی ایف آر ایس سائی نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘یہ گرینیڈ حملہ مصروف سنڈے مارکیٹ کے دوران کیا گیا۔ جنہوں نے بھی یہ گرینیڈ پھینکا وہ لوگوں کے اندر خوف و ہراس پیدا کرنا چاہیے ہیں اور نہیں چاہتے کہ کشمیر میں نارملسی لوٹ آئے’۔