لفٹینٹ گورنر نے بڑی براہمناں میں جے کے ای ڈی آئی عمارت اور گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹری کا افتتاح کیا

0
0

کارخانہ دار نوکریاں دینے والوں کے ساتھ ساتھ اقتصادیات کو دوام بخشنے کا بھی رول ادا کرتے ہیں : لفٹینٹ گورنر
لازوال ڈیسک
جموں؍؍جموں خطے میں کارخانہ داری کو بڑھاوا دینے اور ریشم سازی کو فروغ دینے کی غرض سے لفٹینٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج بڑی براہمناں میں حال ہی میں تعمیر کئے گئے جے کے ای ڈی آئی کے جدید طرز کے ایڈمنسٹریٹو کم فیکلٹی بلاک کا افتتاح کیا انہوں نے گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹری اور سلک فلیچرز سہولت کا بھی افتتاح کیا ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، فائنانشل کمشنر صحت اٹل ڈولو ، کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت ایم کے دویدی ، ڈویژنل کمشنر جموں سنجیو ورما ، ڈی سی سانبہ روہت کھجوریہ اور متعلقہ محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ بڑی براہمناں میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کارخانہ داری کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے ارد گرد میں کامیاب ہوئے افراد سے ترغیب حاصل کریں ۔ جے کے ای ڈی آئی کی عمارت کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے تا ہم نوجوانوں کی رہنمائی کر کے اُن کی صلاحیتوں کو ایک صحیح سمت دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ای ڈی آئی افسروں پر زور دیا کہ وہ نوجوانوں کو ابھرتی ہوئی ضروریات کے عین مطابق خصوصی تربیتوں اور جدید ہُنر مندی کے تقاضوں سے روشناس کرائیں ۔ جموں کشمیر کے کامیاب کارخانہ داروں سے متعلق ایک کتاب کو جاری کرتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کارخانہ داری کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھانے کیلئے مقامی کارخانہ داروں کی ستائش کی ۔ لفٹینٹ گورنر نے اپنے اپنے شعبوں میں سنگِ میل حاصل کرنے کیلئے ان نوجوانوں کی عزت افزائی کی ۔ انہوں نے کہاکہ یہ نوجوان روزگار دلانے والوں کے ساتھ ساتھ دولت وجود میں لانے کا بھی رول ادا کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صرف حکومت ہی اقتصادیات کو برقرار نہیں رکھ سکتی اور کارخانہ داروں کی بدولت ہی ملک کے اقتصادی منظر نامے کو تقویت حاصل ہوتی ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ پانچ ٹریلین اقتصادیات کے خواب کو تب ہی شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے جب نوجوانوں کے وسائل کو مکمل طور سے بروئے کار لایا جا سکے گا ۔ انہوں نے اس عمارت کو ریکارڈ مدت کے اندر مکمل کرنے کیلئے عمل آوری ایجنسیوں اور ای ڈی آئی کے رول کی تعریف کی اور کہا کہ اس عمارت کی بدولت نوجوانوں کو ہُنر مند بنانے اور انہیں بااختیار کرنے میں مدد ملے گی ۔ دریں اثنا لفٹینٹ گورنر نے بڑی براہمناں جموں میں گورنمنٹ سلک ویونگ فیکٹری اور گورنمنٹ سلک فلیچرز کا بھی افتتاح کیا جنہیں بالترتیب 16.80 کروڑ روپے اور 6.64 کروڑ روپے کی لاگت سے دو برسوں کے اندر مکمل کیا گیا ۔ دونوں یونٹوں کو سنٹرل سلک بورڈ مرکزی سرکار کی رہنمائی میں جدید مشینری اور آلات سے لیس کیا گیا ہے ۔ سلک فلیچرز کی بدولت جموں خطے کے لگ بھگ دس ہزار کسانوں کو دیرپا مارکیٹ کی سہولیات دستیاب ہوں گی جبکہ سلک ویونگ فیکٹری میں 460000 میٹر سلک دھاگہ تیار کرنے کی صلاحیت موجود ہو گی اور اس سے لوگوں کو بلواسطہ یا بلا واسطہ روز گار کے مواقعے دستیاب ہوں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ حکومت جموں کشمیر کے اقتصادی اور سماجی تانے بانے کو مضبوط کرنے کی وعدہ بند ہے اور یہ ہمیشہ اُن خیالات کا خیر مقدم کرے گی جن کی بدولت اس منظر نامے کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے ۔ جی سی مرمو نے کہا کہ حکومت لوگوں کی بہبود کیلئے انتھک کوششیں کر رہی ہے اور آنے والے مہینوں کے دوران زمینی سطح پر مثبت تبدیلی دیکھنے کو ملے گی ۔ لفٹینٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان سہولیات کی شروعات سے بے روز گار نوجوانوں بالخصوص ریشم سازوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں تیار ہونے والے 900 میٹرک ٹن ریشم غنچے کیلئے مناسب پروسیسنگ سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے سلک تیار کرنے والوں کو نقصان سے دو چار ہونا پڑتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں سلک فیکٹری قائم کرنے اور سرینگر کی فیکٹری کو از سر نو تعمیر کرنے سے ریشم سازی کے کسانوں کو ہاتھوں ہاتھ مارکیٹ دستیاب ہو گا اور انہیں اچھی آمدن حاصل ہو گی ۔ انہوں نے کہا کہ جے کے ای ڈی آئی پروجیکٹ کے مکمل ہونے سے یہ بات ظاہر ہو جاتی ہے کہ ترقیاتی عمل صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے ۔ چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جے کے ای ڈی آئی بلڈنگ التوا میں پڑا ایک پروجیکٹ تھا جس کیلئے جے کے آئی ڈی ایف سی کے تحت رقومات کا انتظام کیا گا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ خوشآئیند بات ہے کہ اس کام کو دو سال سے کم کی مدت میں مکمل کیا گیا جو اس بات ی غماز ہے کہ حکومت شفاف اور منصفانہ طریقے پر ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانے کی وعدہ بند ہے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا