راجہ یوسف ،ریاض توحیدی اور امداد ساقی کا والہانہ استقبال
ؒلازوال ڈیسک
نئی دہلی؍؍دہلی میں شیخ العالم ایجوکیشنل اینڈ ویلفیئر سوسائٹی کے زیر اہتمام جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے معزز ادبا و شعرا کے اعزاز میں ایک ادبی نشست کا اہتمام کیا گیا۔اس نشست میں کشمیر اور بیرون ریاست کے کئی نامور قلم کاروں نے شرکت کی۔جس میںکشمیر سے معروف فکشن نگار راجہ یوسف نے بطور مہمان اعزازی شمولیت کی جب کہ ڈاکٹر ریاض توحیدی اور امداد ساقی بالترتیب مہمان خصوصی اور مہمان ذی وقار کی حیثیت میں شامل ہوئے۔ہندوستان کے ممتاز افسانہ نگار عشرت ظہیر کی آمد نے بھی محفل کو شرفِ قبولیت بخشی۔یہ نشست نوجوان افسانہ نگارڈاکٹر ذاکر فیضی کے دولت کدے پر منعقد کی گئی ۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت عائشہ تنویر کو حاصل ہوئی۔اس کے بعدمعروف شاعر اور ادیب بشیر چراغ نے حمد پڑھی جس سے قارئین نے بہت خوب سراہا۔اس موقع پر ریاض توحیدی اور راجہ یوسف نے نظمیں پڑھیں اور کچھ افسانچے بھی سنائے۔اس کے علاوہ امداد ساقی نے بھی اپنا تازہ کلام سنایا۔اس نشست میںذاکر فیضی نے بھی اپنا افسانہ ’’ٹی او ڈی‘‘پڑھاجس پر بعد میں عشرت ظہیر، سلمان عبدالصمد اور بشیر چراغ نے اظہارِ خیال فرمایا۔پروگرام کی صدارت بشیر چراغ نے کی جنھوں نے بعد میںمجموعی طور پرسبھی تخلیقات پر تفصیلی گفتگو کی۔اس پروگرام کی نظامت کے فرائض ادارے کے صدر غلام نبی کمار نے انجام دیے۔