چالیس سالہ محنت کے بعد پہاڑیوں کو ملی راحت، اب اْمید ہے کہ ہمیں بھی ایس ٹی کا درجہ حاصل ہوگا: پہاڑی لیڈران
عمرارشدملک
راجوری؍؍پہاڑی طبقہ کے لوگوں جموں کشمیر انتظامیہ نے 4 فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان کیا جس کے بعد پہاڑی زبان بولنے والے تمام طبقات کے لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ وہیں اس موقع پر جموں کشمیر پہاڑی پیپلز موومنٹ اور دیگر تمام پہاڈی تنظیموں نے مشترکہ طور پر ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔ پریس کانفرنس میں شامل پہاڑی لیڈروں میں شفیع ڈار، بھارت بھوشن وید، شہزاد مرزا، وجے کوچر، شہباز خان، سنجے شرما، ایڈوکیٹ یوگیش شرما، شاداب شاہ اور دیگر پہاڑی لیڈران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پہاڑی لیڈر وجے کوچر نے جموں کشمیر لیفٹیننٹ گورنر اور ان کی کونسل کا شکریہ ادا کیا اور مرکزی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی قوم نے 40 سال قبل اس تحریک کی بنیاد رکھی تھی اور آج سب کی محنت رنگ لائی اور پہاڑیوں کو 4 فیصد ریزرویشن دینے کا اعلان بھی کیا گیا جس کے لئے ہم جموں کشمیر انتظامیہ کے مشکور ہیں اور میں جموں کشمیر میں پہاڑی بولنے والے تمام لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس موقع پر پہاڑی لیڈر شفیع ڈار نے بھی جموں کشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور 40 سال سے جدوجہد کرنے والے تمام پہاڑی لیڈروں کو اس پہلی کامیابی کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 40 سالہ جدوجہد نے اب رنگ دیکھنا شروع کیا ہے اور ہمیں اْمید ہے کہ مستقبل میں ہمیں ایس ٹی کا درجہ بھی مل جائے گا لیکن ہمیں متحد ہوکر اپنی جدوجہد کو جاری رکھنا ہوگا۔ اس موقع پر میونسپل کونسل راجوری کے نائب صدر اور سینئر پہاڑی لیڈر بھارت بھوشن وید نے وزیراعظم ہند نریندر مودی، مرکزی حکومت، جموں کشمیر لیفٹیننٹ گورنر، بھاجپا لیڈرشپ اور تمام پہاڑی لیڈروں کا دل عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا اور جموں کشمیر کی پہاڑی زبان بولنے والے لوگوں کو مبارکباد پیش کی۔ بھارت بھوشن وید نے کہا کہ مرکزی حکومت نے 4 فیصد ریزرویشن دے کر پہاڑیوں کو تسلیم کرلیا ہے اب وہ دن دور نہیں جب جموں کشمیر کے پہاڑی طبقہ کے پاس بھی ایس ٹی کا درجہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہاڑی زبان پر کام کرنے والے ہر ایک فرد کا اہم رول ہے اور مستقبل میں بھی سب مل کر جدوجہد کرتے رہے گے تاکہ حکومت ہمیں ایس ٹی کا درجہ دے۔ اس دوران دیگر لیڈران نے بھی جموں کشمیر انتظامیہ اور مرکزی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور تمام پہاڑی لیڈروں اور پہاڑی عوام کو پہلی کامیابی کی مبارکباد پیش کی۔