اسکالر شپ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں چوتھی بار توسیع
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍مرکزی حکومت نے مرکز کے زیر انتظام جموں وکشمیر اور لداخ کے طلبا کے لئے پری اور پوسٹ میٹرک اسکالرشپ اسکیموں کی آخری تاریخ میں چوتھی بار توسیع کرکے 10 فروری 2020 آخری تاریخ مقرر کردی ہے۔مرکزی وزارت برائے اقلیتی امور کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جموں وکشمیر اور لداخ سے تعلق رکھنے والے طلبا سینٹرل سیکٹر اسکیموں کے لئے نیشنل اسکالرشپ پورٹل پر 10 فروری تک آن لائن فارم جمع کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا: ‘کوئی بھی خواہشمند طالب علم اسکالرشپ فارم جمع کرنے سے محروم نہ رہے یہ یقینی بنانے کے لئے فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں مزید دس دنوں کی توسیع کی گئی ہے۔ نقوی صاحب (مختار عباس نقوی) نے اس حوالے سے خصوصی ہدایات دے رکھی ہیں’۔واضح رہے کہ یہ چوتھی مرتبہ ہے جب جموں وکشمیر اور لداخ کے طلبا کے لئے اسکالر شپ فارم جمع کرنے کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔ ایک اور توسیع کا یہ فیصلہ ظاہری طور پر جموں وکشمیر میں انٹرنیٹ خدمات پر عائد جزوی پابندی کے پیش نظر لیا گیا ہے۔مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی نے 21 جنوری کو سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہارون میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ امسال جموں کشمیر میں اسکالر شپ فارم جمع کرنے والے تمام طلبا کو اسکالرشپ دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا: ‘پسماندہ طبقوں سے وابستہ طلبا کو اور بھی محکمے اسکالر شپ دیتے ہیں اور میری وزارت بھی دیتی ہے۔ جموں وکشمیر میں امسال جتنے بھی بچے اور بچیاں اسکالر شپ فارم جمع کریں گے ان سب کو اسکالر شپ دی جائے گی، اس سال کوئی بھی طالب علم اسکالر شپ سے محروم نہیں رہے گا’۔ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی طرف سے وادی کے تمام ضلع صدر مقامات پر انٹرنیٹ مراکز کے قیام کے باوصف بھی سینکڑوں طلبا اسکالرشپ فارم جمع کرنے سے معذور ہیں تاہم مرکزی حکومت کی طرف سے اسکالرشپ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں ایک اور توسیع سے طلبا نے راحت کی سانس لی ہے۔ادھر والدین کا کہنا ہے کہ اسکالرشپ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں مزید توسیع خوش آئند ہے جبکہ طلبا کے ایک گروپ نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ اسکالرشپ فارم جمع کرنے کی آخری تاریخ میں توسیع احسن قدم ہے۔