لازوال ڈیسک
جموں؍؍مرکز حکومت کے ساتھ ساتھ جموں کشمیر کی حکومت اس خطے کو کھیل کود کی سرگرمیوں کا گہوارہ بنانے کیلئے وعدہ بند ہیں ۔ ان باتوں کا اظہار فاینانشل کمشنر خزانہ ارون کمار مہتہ نے آج یہاں جموں یونیورسٹی کے جمنازیم ہال میں 65 ویں نیشل سکول گیمز کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔ ان کھیل سرگرمیوں کا انعقاد کرنے کیلئے منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے اے کے مہتہ نے کہا کہ جموں کشمیر کے اطراف و اکناف میں کھیل سرگرمیوں اور کھیل ڈھانچے کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ ابھرتے ہوئے کھلاڑی قومی اور بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں ۔ اے کے مہتہ نے یقین دلایا کہ یونین ٹیرٹری کی انتظامیہ 2021 کے آخر تک جموں کشمیر کی ہر پنچائت میں ایک انڈور اور ایک آؤٹ ڈور سٹیڈیم تعمیر کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو ہر سکول میں دستیاب کھیل ڈھانچے کو مدِ نظر رکھتے ہوئے نصاب میں کم سے کم ایک کھیل متعارف کرنے کی ہدایت دی جائے گی ۔ فائنانشل کمشنر نے مزید کہا کہ مختلف کھیلوں کے کوچز کو این آئی ایس پٹیالہ اور این آئی ایس گوالئر بھیجا جائے گا جہاں انہیں جدید تربیت فراہم کی جائے گی انہوں نے کھیلاڑیوں کو ہر ممکن مالی معاونت فراہم کرنے کا یقین دلایا ۔ اس سے قبل ڈائریکٹر کھیل کود اور امور نوجوان ڈاکٹر سلیم الرحمان نے 2019-20 کے دوران محکمہ کی سطح پر حاصل کی گئی کامیابیوں کا خلاصہ پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر نے اب تک قومی سطح پر 130 میڈل حاصل کئے ہیں اور نیشنل سکول گیمز میں 200 میڈل جیتنے کا نشانہ مقرر کیا ہے ۔ سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس نے بعد میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ان پانچ روزہ کھیل سرگرمیوں میں 14 ریاستوں اور مرکزی انتظام والے علاقوں سے تعلق رکھنے والی 56 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔