جے پور؍؍راجستھان میں جے پور کے سوائی مان سنگھ اسپتال کے آئیسولیشن وارڈ میں داخل کورونا ممکنہ مریض کی جانچ رپورٹ منفی (نیگیٹیو)پائی گئی ہے اور باقی ماندہ مسافر فی الحال صحت مند ہیں۔ صحت کے ہیلتھ ایڈیشنل چیف سکریٹری روہت کمار سنگھ نے آج یہاں گورنمنٹ سکریٹریٹ سے ویڈیو کانفرنس میں ریاست میں وائرس سے بچاؤ، کنٹرول، جانچ اور علاج سمیت عام آدمی کو بیدار کرنے سے متعلق مختلف سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلی مرکزی صحت سکریٹری کو معلومات دیں۔ انہوں نے متعینہ معیارات کے مطابق داخل مریض کا دوسرا سیمپل لینے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی تمام مسافروں اور ان کے اہل خانہ کی متعینہ 28 دنوں تک باضابطہ طور پر اسکریننگ اور جانچ کرنے کی بھی ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں کورونا وائرس کے بچاؤ، کنٹرول، علاج، جانچ اور تشہیر کے لیے کافی انتظام کیا گیا ہے ۔ ایئرپورٹ پر 28 جنوری سے ہی اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے ۔ مسٹر سنگھ نے بتایا کہ سانگانیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر اسکریننگ کے لیے پانچ ڈاکٹر اور پانچ نرسنگ اسٹاف کو تعینات کیا گیا ہے ۔ گذشتہ رات ،چار فلائیٹس کے کل 554 مسافروں میں اسکریننگ کے دوران کورونا وائرس کی علامات نہیں پائی گئیں۔