اِن دِنوں دُنیابھرمیں کروناوائرس نے خوف وہراس کاماحول پیداکردیاہے،چین سے شروع ہوئی یہ وباء دھیرے دھیرے دنیابھرکے کئی ممالک کواپنی لپیٹ میں لے رہاہے، خاص طورپرچین کے پڑوسی ممالک جن میں بھارت بھی شامل ہے ، بھارت میں کروناوائرس کے کئی معاملے سامنے آئے ہیں اور پورے ملک میں خوف وہراس ہے،اس سلسلے میں جموں وکشمیر میں بھی تشویش کاعالم ہے، کورونا وائرس کے کسی بھی مشتبہ معاملے پرروک لگانے کے لئے جموں وکشمیر کی حکومت نے چین ، نیپال اور دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کی ائیرپورٹ پر جانچ کے لئے اِقدامات کئے ہیں۔جموںوکشمیر میں مذکورہ وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے حکومت نے جموںاور سری نگر میں سٹیٹ سرویلنس دفاتر میں کنٹرول روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے علاوہ تمام اضلاع کو ایڈوائزری جاری کی گئی ہے۔علاوہ ازیں ریلوے سٹیشنوں اور ہوائی اڈوں پر اس بارے میں اعلانات کئے جارہے ہیں۔ اس سلسلے میں گذشتہ روز فائنانشل کمشنر صحت و طبی تعلیم اتل ڈولو کی صدارت میںمنعقدہ ایک میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا ۔فائنانشل کمشنر کے مطابق بیرون ممالک سے آنے والے ایسے مسافروںکی جانچ کی جاتی ہے جن میں اس قسم کے مرض کی علامات پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع میں اِس بیماری کی روکتھام کے لئے ڈپٹی کمشنروں کو ایڈوائزری جاری کی جارہی ہے ۔جموںاور سر ی نگر کے میڈیکل کالجوں کے علاوہ سکمز صورہ اور دیگر اضلاع کے ہسپتالوں میں خصوصی وارڈ قائم کئے جارہے ہیں جہاں تربیت یافتہ ڈاکٹروں اور نیم طبی عملے کو تعینات کیا جارہا ہے۔جموںاور سری نگرکے میڈیکل کالجوں میں ملٹی ڈسپلنری ریسرچ یونٹوں( ایم آر یوز )کو متحرک کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔بچائو اقدامات کرنے پر زور دیتے ہوئے فائنانشل کمشنر نے لوگوں کو اِس بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے لئے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔حکومت مختلف ممالک سے آنے والے سیاحوںمیں جانکاری پمفلٹ تقسیم کرنے کا بھی منصوبہ رکھتی ہے۔فائنانشل کمشنر نے متعلقہ عملے کو ضروری سازو سامان سے لیس کرنے کی ہدایت دی۔فائنانشل کمشنر کے او ایس ڈی ڈاکٹر شفقت خان کو مرکزی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہنے کے لئے خصوصی نوڈل آفیسر نامزد کیا گیا ہے۔اب عوام پہ بھی یہ لازم ہے کہ وہ محکمہ صحت کی بتائی ہوئی احتیاطی تدابیرکوملحوظِنظررکھیں اور اس وباء کے تھمنے تک احتیاط برتیں۔