مقامی جنگجو کی ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر کے بعض علاقوں میں ہڑتال

0
0

یواین آئی

سری نگر؍؍جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے آرونی بجبہاڑہ علاقے میں گزشتہ روز سیکورٹی فورسز کے ساتھ ہوئی تصادم آرائی میں ایک مقامی جنگجو کی ہلاکت کے خلاف منگل کے روز ضلع کولگام کے کھڈونی اور کیموہ علاقوں کے علاوہ ضلع اننت ناگ کے آرونی علاقے میں بھی مکمل تعزیتی ہڑتال رہی۔بتادیں کہ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے آرونی بجبہاڑہ علاقے میں گزشتہ روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوئوں کے درمیان ایک تصادم آرائی میں حزب المجاہدین نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ شاہد احمد آہنگر ولد غلام احمد آہنگر ساکن کھڈونی پائین نامی جنگجو جان بحق ہوا تھا۔مقامی ذرائع کے مطابق شاہد احمد سال رواں کے یکم جنوری کو ہی گھر سے لاپتہ ہوا تھا اور جنگجوئوں کی صف میں شامل ہوا تھا۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوک جنگجو کی ہلاکت کے خلاف ان کے آبائی وطن ضلع کولگام کے کھڈونی اور کیموہ کے علاوہ ضلع اننت ناگ کے آرونی علاقے میں بھی منگل کے روز تعزیتی ہڑتال رہی جس کے باعث معمولات زندگی کی رفتار تھم گئی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ہڑتال کے پیش نظر متذکرہ علاقوں میں دکانیں بند، تجارتی مرکز مقفل اور سڑکوں پر ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل جزوی طور پر معطل رہی۔کھڈونی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوک جنگجو کو منگل کے روز برف باری کے بیچ اپنے آبائی مقبرہ میں سپرد لحد کیا گیا۔ مہلوک جنگجو کے تجہیز وتکفین میں لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جس کے پیش نظرمہلوک کا نماز جنازہ دو بار ادا کیا گیا بعد ازاں مہلوک کے گھر پر دن بھر تعزیت پرسی کے لئے ملحقہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔قابل ذکر ہے کہ آرونی بجبہاڑہ میں جنگجوئوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان ہوئی اس معرکہ آرائی میں ایک فوجی اہلکار بھی مضروب ہوا تھا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا