لکھنؤ: (یواین آئی) اترپردیش میں پہلی بار ہونے والے ‘ڈیفینس ایکسپو۔2020’ کی تیاریاں پوری شباب ہیں۔جمعہ کو یوپی حکومت کی جانب سے جاری پروگرام شیڈول کے مطابق ڈیفینس ایکسپو کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی 5 فروری کو کریں گے ۔پانچ روزہ ایکسپو میں پہلے تین دنوں میں 19 سیمناروں کے ذریعہ دفاع کے مختلف جہات پر روشنی ڈالی جائے گی۔افریقی وزارت دفاع کا ایک وفد بھی اس میں شرکت کرے گا اور ہندوستان وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ایک گول میز کانفرنس میں تبادلہ خیال کریں گے ۔ایکسپو میں خصوصی سمینار کے دوران ہندو۔روس،ہند مریکہ،ہند۔فرانس،ہند۔اسرائیل اور ہند کوریا کے درمیان دفاعی مینوفیکچرنگ تبادلات پر خصوصی طور سے روشنی ڈالی جائے گی۔یو پی حکومت کی جانب سے جمعہ کو جاری کردہ پروگرام شیڈول کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی پانچ فروری کو صبح 10:00 بجے بمقام ورندا ون یوجنا میں پروگرام کا افتتاح کریں گے ۔اس کے بعد وزیر اعظم کچھ منتخبہ پروگرام کو دیکھنے کے لئے اپکسپو میں مختلف مقامات کا دورہ کریں گے ۔
وزیر اعظم مودی تقریبا 3 گھنٹوں تک قیام کریں گے اس وقت ان کے ہمراہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، یوپی گورنر آنندی بین پٹیل اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ موجود ہوں گے ۔ اسی دن 5 فروری کو وزیر دفاع اور وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ مشترکہ طور پر مندوبین کواستقبالیہ اور عشائیہ دیں گے ۔اگلے دو دنوں تک ایکسپو میں مختلف عناوین کے تحت متعدد سیمنارہوں گے ۔6 جنوری کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ افریقی ممالک سے آنے والے وزراء دفاع کو تاج ہوٹل میں لنچ کرائیں گے ۔اس کے بعد ان کے ساتھ اسی ہوٹل میں ایک گول میز کانفرنس ہوگی۔ایکسپو کے تیسرے دن7 فروری کی صبح ہندوستان دفاعی مینوفیکچرنگ تبادلات پر مختلف ممالک اور تنظیموں کے ساتھ مفاہتی یاداشتوں پر دستخط کرے گا۔پانچ روزہ ایکسپو کے دوران متعدد دفاعی کمپنیاں اور ہندوستانی فوج مہمانوں کے سامنے جدید آلات کے ساتھ اپنے کمالات کا مظاہرہ کریں گے ۔اور آخری دو دنوں میں عام عوام کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے ۔ ایکسپو کے آخری دو دن 8اور9 فروی عام عوام کے لئے ہوں گے ۔یواین آئی۔