پونچھ؍؍سرحدی ضلع پونچھ کے دورے کے دوسرے روز سٹیل کے وزیر مملکت فگن سنگھ کلساٹے اور سماجی انصاف کے مرکزی وزیر مملکت کرشن پال گرجر نے آج بالترتیب منکوٹ اور پونچھ میں عوامی رابطہ پروگراموں میں شرکت کی۔اِن پروگراموں میں عوامی کے ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر بالیکا دیوس بھی منایا گیا جس میں بالترتیب سکول جانے والی بچیوں ، خواتین اور اپنے بچوں کو دودھ پلانے والے مائوں کو سکول بیگ ، کمبلیں اور بے بی کیئر کٹ دئیے گئے۔پروگرام میں ڈپٹی کمشنر پونچھ راہل یادو ، ایس ایس پی رومیش انگرال کے علاوہ دیگر کئی محکموں کے اعلیٰ افسران اور سربراہوں نے شرکت کی۔سٹیل کے مرکزی وزیر مملکت نے منکوٹ میں تحصیل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھا ۔انہوں نے مڈل سکول منکوٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں کو مرکزی سرکار اور وزیر اعظم کی جانب سے جموںوکشمیر کی ترقی کے لئے شروع کی گئی سکیموں اور پروگراموں کے بارے میں بتایا۔اس سلسلے میں انہوں نے مختلف سکیموں کا بھی ذکر کیا۔مقامی لوگوں کے مطالبات کے ردعمل میں وزیر نے کہا کہ ان کی نوٹس میں لائے گئے عوامی نوعیت کے مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے گورنمنٹ گرلز مڈل سکول منکوٹ کو ہائی سکول کا درجہ دلانے کا بھی یقین دلایا۔مرکزی وزیر مملکت نے انفرادی فلاحی سکیموں کے مستحقین میں منظوری کے اسناد تقسیم کئے۔ذہین طالبات کو نقد انعام سے بھی نوازا گیا۔ دریں اثنا سماجی انصاف کے مرکزی وزیر مملکت کرشن پال گرجر نے پونچھ کے ٹی آر سی میں حال ہی میں تعمیر کئے گئے ٹورسٹ کیفٹیریا کا افتتاح کیا۔ڈاک بنگلہ میں منعقدہ عوامی رابطہ پروگرام کے دوران مرکزی وزیر نے لوگوں کے مسائل سنے ۔ پروگرام کے دوران مرکزی وزیر نے سٹیٹ مریج اسسٹنس سکیم کے تحت پانچ مستحق لڑکیوں میں 41,780 روپے فی کس کی مالی امداد تقسیم کی۔ اس کے علاوہ انہوں نے دیگر کئی مستحقین میں بھی مالی امداد اور منظوری کے اسناد تقسیم کئے۔