راجوری؍؍پارلیمانی امور کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے آج مرکزی سرکار کے عوامی رابطہ پروگرام کے تحت راجوری ضلع کے کوٹ رانکا علاقے میں لوگوں کے مسائل سنے۔اس پروگرام میں بی ڈی سی چیئرپرسنز ، سرپنچوں اور پنچوں کے علاوہ عام لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔کوٹ رانکا انڈور سٹیڈیم میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر موصوف نے جموں وکشمیر میں حاصل کئے گئے ترقیاتی اہداف کا ذکر کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت جموں وکشمیر خطے کے تمام علاقوں کی ترقی اور اس خطے کو ملک کی دوسری ریاستوں کے مساوی ترقی دینے کی وعدہ بند ہے۔انہوں نے کہا کہ طبی سیکٹر کو فروغ دینے کے لئے مرکزی سرکار نے جموں وکشمیر میں دو ایمز قائم کرنے کو منظوری دی ہے جس سے مقامی لوگوں کو کافی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جی ایم سی راجوری کو عنقریب شروع کیا جائے گا جس سے راجوری ، پونچھ اور ریاسی کے لوگ مستفید ہوں گے۔وزیر نے کہا کہ جموںوکشمیرمیں صرف 45دنوں میں 958ڈاکٹروں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے ۔پرہلاد جوشی نے کہا کہ جموںوکشمیر کے 8721طالب علموں کو گزشتہ برس خطے سے باہر جاکر ملک کے دیگر علاقوں کی سیر کرنے کا موقعہ ملا۔ انہوں نے کہا کہ سرکار نے اس برس جموںوکشمیر کے 5000طالب علموں کو وطن کو جانو سکیم کے تحت خطے سے باہر بھیجنے کا منصوبہ بنایا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ جمہوریت کو مزید مستحکم بنانے کے لئے 29 سرکاری خدمات کو پنچایتی راج اداروں کے تحت لایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی ڈی سی انتخابات سے رقومات کا منصفانہ استعمال یقینی بنے گا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ جموںوکشمیر اور لداخ کی ترقی کے لئے پہلے ہی 80,000کروڑ روپے کی رقم منظور کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے ۔اُنہوں نے جموںوکشمیر کی ترقی کے لئے شروع کی گئی مختلف سکیموں اور پروجیکٹوں کا بھی ذکر کیا۔اس سے قبل بی ڈی سی چیئرپرسنز نے راج نگر سے شوپیاں تک سڑک کو کھولنے کے علاوہ دیگر کئی مطالبات مرکزی وزیر کی نوٹس میں لائے۔دریں اثنا مرکزی وزیر نے مندر گالا سے ترکاسی تک پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر کی گئی 17 کلومیٹر لمبی سڑک کا افتتاح کر نے کے علاوہ سالڈ لیکوڈ ویسٹ منیجمنٹ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔مکانات و شہری ترقی محکمہ کے پرنسپل سیکرٹری دھیرج گپتا ، پارلیمانی امور کی مرکزی وزارت کے جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر ستیہ پرکاش ، ڈپٹی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ ، ایس ایس پی یوگل منہاس ، مرکزی وزیر کے پرائیویٹ سیکرٹری نارائن گھمبیر اور راجوری ضلع انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موجود تھے۔