آئی آئی ایم سری نگراور سمارٹ ماڈل سکولوں کا افتتاح کیا گیا
لازوال ڈیسک
سرینگر؍؍مرکزی وزیر برائے افرادی قوت رومیش پوکھریال نشانکھ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت جموںوکشمیر کے تعلیمی سیکٹر میں بہتری لانے کی وعدہ بند ہے ۔جموں وکشمیر کو ہندوستان کا تاج قرار دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جموںوکشمیر کے لوگوں کی اعلیٰ صلاحیتوں کے مد نظر این سی ٹی ای ایکٹ یونین ٹریٹری میں عمل آور ہوگا تاکہ طلباء کو ماہر اساتذہ اور اساتذہ کے تربیتی ادارے دستیاب رکھے جاسکیں۔اِن باتوں کا اظہار مرکزی وزیر نے ایس کے آئی سی سی میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران کیا جس کا اہتما م نیشنل انشیٹیو فار سکول ہیڈس اینڈ ٹیچرس ہاسٹک ایڈوانسمنٹ ( این آئی ایس ایچ ٹی ایچ اے )کے ای ۔افتتاح کے لئے کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ 180کروڑ روپے کی لاگت سے تعلیمی سیکٹر کے تحت 45دیگر پروجیکٹوں کا بھی ای ۔افتتا ح کیا گیا۔لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما ، ایم ایچ آر ڈی کے جوائنٹ سیکرٹری سنجے کمار سنہا ،کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر طلعت احمد ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم طلعت پرویز روہیلا ، ڈائریکٹر این سی ای آر ٹی ایچ کے سینا پتی ، ڈپٹی کمشنر سری نگر ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری ،ناظم تعلیم کشمیر ، ڈائریکٹر آئی آئی ایم جموں ، مختلف کالجوں کے پرنسپل ، اساتذہ اور طلباء اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر موصوف نے اس موقعہ پرسکولی تعلیم کے تحت 2468.06لاکھ روپے کی لاگت کے 16پروجیکٹوں کا افتتاح کیا ۔اعلیٰ تعلیم سیکٹر کے تحت وزیر موصوف نے 1148لاکھ روپے کی لاگت کے گورنمنٹ ڈگری کالج فار وومن زکورہ سری نگر کا افتتاح کیا۔ اسی طرح انہوں نے 2600لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر شدہ گورنمنٹ کالج آف انجینئرنگ ٹیکنالوجی صفاپورہ کا بھی افتتاح کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے کے شرما نے اس موقعہ پر خطاب کیا۔