16نے کابینی وزیر ،14نے مملکتی وزیر (آزادانہ چارج) اور20 نے مملکتی وزیر کی حیثیت سے حلف لیا ،5خواتین اور ایک مسلم وزیر شامل
یواین آئی
لکھنو؍؍یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعہ کو اترپردیش کے 22ویں وزیر اعلی کی حیثیت سے حلف لیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ لگاتار اپنی دوسری میعاد کو جاری رکھیں گے۔ریاست کی تاریخ میں ایسا کارنامہ کرنے والے وہ پہلے وزیر اعلی ہیں۔ریاستی راجدھانی لکھنو کے اٹل بہاری واجپئی اکانا اسٹیڈیم میں منعقد شاندار حلف برداری تقریب میں ریاستی کی گورنر آنندی بین پٹیل نے یوگی کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔جبکہ کیشوپرساد موریہ نے دوسری باری نائب وزیر اعلی کا حلف لیا تو وہیں سابق وزیر برجیش پاٹھک کو پہلی بار نائب وزیر اعلی بنایا گیا۔حلف برداری تقریب وزیر اعظم نریندر مودی کی موجودگی میں منعقد ہوئی جو کہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وفاقی وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر ٹرانسپورٹ و ہائی ویز نتن گڈکری اور بی جے پی صدر جے پی نڈا ، مرکزی وزیر دھرمیندر پردھان، انوراگ ٹھاکر، اسمرتی ایرانی، رام داس اٹھاولے، بی جے پی اتحادی اپنا دل(ایس ) و مرکزی وزیر انوپریا پٹیل و مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، ہریانہ کے وزیر اعلی منوہر لال کھٹر، ہما چل پردیش کے وزیر اعلی جئے رام ٹھاکر اور دیگر بی جے پی حکمرانی والی ریاستوں کے وزراء اعلی خصوصی طور سے موجود تھے۔یوگی حکومت میں 16وزراء کو کابینی وزیر بنایا گیا ہے جبکہ مملکتی وزیر (آزادانہ چارج) 14اور مملکتی وزیر کی حیثیت سے20وزراء نے حلف لیا ہے۔یوگی کی کابینہ میں 5خواتین اور ایک مسلم وزیر کو شامل کیا گیا ہے۔کابینی وزراء میں صرف سریش کمار کھنہ، سوریہ پرتاپ شاہی، لکشمی نارائن چودھری، نند گوپال گپتا’نندی‘، بھوپیندر سنگھ چودھری، انل راج بھر اور جتن پرساد کی ہی کابینی وزیر کی حیثیت سے واپسی ہوئی ہے۔ریاست میں بی جے پی کی جیت کے بدلے کے طور پر ریاستی صدر سوتنتر دیو سنگھ کو یوگی حکومت میں کابینی وزیر بنا کر نوازہ گیا ہے۔سابق اتراکھنڈ کی گورنر و دلت چہرہ بیبی رانی موریہ کو بھی کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔سابق بیوروکریٹ اروند شرما جو کہ وزیر اعظم مودی کے کافی قریبی سمجھے جاتے ہیں اور پی ایم او میں کام بھی کیا ہے انہیں بھی یوگی کے کابینہ میں جگہ دی گئی ہے۔ایس پی کے قلعہ میں جیت درج کرنے والے جئے ویر سنگھ کو بھی نوازہ گیا ہے۔اور وہ بھی یوگی کی کابینہ میں ہونگے۔انتخابات سے قبل کانگریس کا خیرآباد کہہ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے راکیش سچان کو بھی پارٹی نے کابینہ میں جگہ دے کر انہیں نوازہ ہے۔وہیں پارٹی کی اتحادی پارٹیاں اپنا دل(ایس) اور نشاد پارٹی کو بھی کابینہ میں شامل کیا گیا ہے۔اپنا دل کے ریاستی صدر آشیش پٹیل اور نشاد پارٹی کے صدر ڈاکٹر سنجے نشاد یوگی کابینہ میں نظر آئیں گے۔وہیں مملکتی وزیر (آزادانہ چارج) میں کپل دیو اگروال اور روندر جیسوال کی ہی واپسی ہوئی ہے۔وہیں نوکری چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے والے سابق آئی پی ایس و سابق پولیس کمشنر کانپوراسیم ارون کو مملکتی وزیر(آزادانہ چارج)بنایا گیا ہے۔سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ کے پوتے سندیپ سنگھ کو بھی مملکتی وزیر(آزادانہ چارج) کا حلف دلایا گیا ہے اسی طرح سے گلاب دیوی کا پرموشن ہوا ہے اور انہیں مملکتی وزیر سے مملکتی وزیر آزادانہ چارج بنایا گیا ہے۔گریش چندر بھی مملکتی وزیر سے مملکتی وزیر (آزادانہ چارج)بنائے گئے ہیں۔سابق اسمبلی ڈپٹی اسپیکر نتن اگروال کو مملکتی وزیر(آزادانہ چارج)بنایا گیا ہے۔سینئر رہنما جے پی ایس راٹھو بھی مملکتی وزیر آزادانہ چارج کی فہرست میں نظر آئیں گے۔پہلی بار وزیر بننے والوں میں بی جے پی کے نائب صدر و بلیا سے ایم ایل اے دیا شنکر سنگھ ،بی جے پی او بی سی مورچہ کے ریاستی صدر نریندر کشیپ کو بھی مملکتی وزیر آزادانہ چارج سے نوازہ کیا گیا ہے۔جبکہ کانگریس صدر سونیا گاندھی کے سامنے پارلیمنٹ کا الیکشن لڑنے والے ایم ایل سی دنیش پرتاپ سنگھ ،اور پوروانچل سے برہمن چہرہ دیا شنکر مشرا’دیالو‘ کو بھی مملکتی وزیر(آزادانہ چارج( سے نوازہ گیا ہے۔جبکہ مملکتی وزراء میں صرف بلدیو سنگھ اولکھ کی واپسی ہوئی باقی نئے چہروں کو شامل کیا گیا ہے۔دیگر مملکتی وزراء میں ینکیشور سنگھ، دنیش کھٹک،سنجئے گوڑ، بلدیو سنگھ اولکھ،اجیت پال، جسونت سینی، رام کیشو نشاد،منوہر لال منو کوری،سنجئے گنگوار، برجیش سنگھ، کے پی ملک، سریش راہی،سومیندر تومر،انوپ پردھام والمیکی،پرتبھا شکلا،راکیش راٹھر گرو،رجنی تیواری،ستیش شرما، وجئے لکشمی،دانش آزاد انصاری کے نام شامل ہیں۔اے بی وی پی سے پارٹی تک پہنچے دانش آزاد انصاری واحد مسلم چہرہ ہیں جنہیں مملکتی وزیر بنایا گیا ہے۔ملحوظ رہے کہ کہ 37سال بعد یہ پہلی بار ہوا ہے جب کسی پارٹی نے اترپردیش کے اقتدارپرمیں رہتے ہوئے دوبارہ قبضہ کیا ہے۔