لوگوں کے معیارِ حیات میں بہتری لانے کیلئے شروع کی گئی مرکزی معاونت والی سکیموں کو اجاگر کیا
لازوال ڈیسک
رام بن؍؍مرکزی حکومت کے عوامی رابطہ کاری پروگرام کے تحت آج محنت و روز گار کے مرکزی وزیر مملکت ( آزادانہ چارج ) سنتوش کمار گنگوار نے آج رام بن ضلع کا دورہ کر کے وہاں کئی ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا ۔ وزیر موصوف نے بٹوت میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سماج کے پچھڑے طبقے کے لوگوں کے معیارِ حیات میں بہتری لانے کیلئے شروع کی گئی مرکزی معاونت والی سکیموں کو اجاگر کیا ۔ کمشنر سیکرٹری محنت و روز گار سوربھ بھگت ، ڈی سی رام بن ناظم ضیا خان ، ایس ایس ہی انیتا شرما اور کئی دیگر افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت نے جموں کشمیر یو ٹی کی مجموعی ترقی کو یقینی بنانے کیلئے متعدد اصلاحاتی اور تواریخی اقدامات کئے ہیں ۔ انہوں نے سکیموں کی موثر عمل آوری میں لوگوں کا بھر پور تعاون طلب کیا ۔ سنتوش کمار گنگوار نے بٹوت میں 17 کنال اراضی پر 2.58 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کی گئی میوہ و سبزی منڈی کا افتتاح کیا ۔ بعد میں انہوں نے چندر کوٹ میں 2.75 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے پاور رسیونگ سٹیشن کا بھی افتتاح کیا جس کی بدولت 14 پنچائتوں کے 2200 گھروں کو بجلی مہیاء ہو گی ۔ دریں اثنا وزیر موصوف نے مختلف سکیموں کے تحت متعلقین میں لیبر کارڈ اور اے ٹی ایم کارڈ تقسیم کئے ۔