باقی پانچ وزرا آئندہ دنوں میں وارد وادی ہوں گے
یواین آئی
سرینگر؍؍مرکزی حکومت کی جموں وکشمیر میں جاری عوامی رابطہ مہم کے تحت مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی منگل کے روز ناساز موسمی حالات کے باوصف وارد وادی ہوکر سیدھے سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہارون پہنچے جہاں انہوں نے کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے علاوہ ایک عوامی اجتماع سے بھی خطاب کیا۔یاد رہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے نامزد 36 مرکزی وزرا کے ایک ہفتے پر محیط باری باری دورہ جموں کشمیر ماہ رواں کی 18 تاریخ سے شروع ہوا۔ دورے کے دوران صرف پانچ وزرا ہی کشمیر آکر لوگوں کے ساتھ ملاقی ہوں گے باقی 31 وزرا جموں کے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔مرکزی وزیر برائے اقلیتی امور مختار عباس نقوی منگل کے روز ناساز موسی حالات کے باوصف مرکزی حکومت کی طرف سے نامزد 36 مرکزی وزرا کے ایک ہفتے پر محیط باری باری دورہ جموں کشمیر کے کشمیر کڑی کی عوامی رابطہ مہم کے آغاز کے سلسلے میں سیدھے سری نگر کے مضافاتی علاقہ ہارون پہنچ گئے جہاں انہوں نے ایک سرکاری ہائی سکول کا سنگ بنیاد ڈالنے کے علاوہ فارسٹ پروٹکشن فورس ہیڈکوارٹر آفس کمپلیکس سری نگر کا افتتاح، ہارون کے سربند علاقے میں واٹر کنزرویشن پروجیکٹ کا سنگ بنیاد اور ملرو برج کا ای افتتاح کیا۔ انہوں نے ہارون میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرنے کے علاوہ وہاں موجود لوگوں سے ملاقات بھی کی اور ان کے ساتھ مختلف امور پر بات چیت کی۔سری نگر واپس آنے کے بعد موصوف مرکزی وزیر ایک ہوٹل میں قیام پذیر ہوئے اور وہاں بے جے پی کے مقامی لیڈروں کے علاوہ مختلف عوامی وفود کے ساتھ ملاقی ہوئے۔ذرائع نے بتایا کہ مختار عباس نقوی نے دوران ملاقات مقامی پارٹی لیڈروں سے تاکید کی کہ وہ عوام کے ساتھ زیادہ سے زیادہ رابطہ بڑھا کر انہیں مرکز کی طرف سے جموں کشمیر کی ترقی کے لئے مختص اسکیموں سے بخوبی باخبر کریں۔قابل ذکر ہے کہ وادی کشمیر میں عوامی رابطہ مہم کے تحت مرکزی وزیر مملکت برائے امور داخلہ جی کشن ریڈی وادی کے ضلع گاندربل میں اپنے دو روزہ پروگرام کا آغاز بدھ سے کریں گے جبکہ مرکزی وزیر برائے ٹیلی کیمونکیشنز روی شنکر پرساد جمعرات سے شروع ہونے والے اپنے دوروزہ دورہ کے لئے ضلع بارہمولہ میں قیام پذیر ہوں گے۔مرکزی وزیر مملکت برائے امور دفاع شری پدنائیک جمعرات کے روز سری نگر پہنچ جائیں گے جبکہ مرکزی وزیر برائے انسانی وسائل رمیش پوکھریال جمعہ کے روز سری نگر میں قیام پذیر ہوکر لوگوں کے ساتھ ملاقی ہوں گے۔ذرائع کے مطابق متذکرہ وزرا کے لئے وادی میں اگلے چار دنوں کے دوران صرف آٹھ عوامی میٹنگیں طے ہیں جبکہ جموں میں 50 ایسی میٹنگیں اور پروگرام منعقد ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ عوامی میٹنگوں کے دوران وزرا جموں کشمیر کی ترقی کے لئے مرکزی اقدامات اور جموں کشمیر میں دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی تنسیخ کے مثبت اثرات سے لوگوں کو جانکاری فراہم کریں گے۔