ترقی او رخوشحالی کیلئے مستحکم سڑک رابطو ں کو لازمی قرار دیا
ونے شرما
اودھمپور؍؍مرکزی حکومت کی جانب سے جموںوکشمیر میں شروع کی گئی عوامی رابطہ مہم کے تحت روڈ ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے مرکزی وزیر مملکت وی کے سنگھ نے آج گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول ٹکری اودھمپور میں ایک عوامی دربار کا انعقاد کیا۔پروگرام میں کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ خورشید احمد شاہ ، ڈپٹی کمشنر اودھمپور ڈاکٹر پیوش سنگلا،چیف انجینئر تعمیرات عامہ جموں دیس راج بھگت ،ایس ایس پی راجیو اوم پرکاش پانڈے ، اے ڈی ڈی سی اشوک کمار ، بی ڈی چیئرپرسنز اور پنچوں اور سرپنچوں کے علاوہ اودھمپور کے سابق ممبر اسمبلی اور معزز شہریوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقعہ پر مرکزی وزیر مملکت وی کے سنگھ نے منڈ ٹِکری میں ویٹرنری ہسپتال کی عمارت اور آر اے پی ڈی آر پی کے تحت 251لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے ریسونگ سٹیشن چک کا افتتاح کیا۔ انہوں نے ٹکری ۔ چھاناس سڑک کے تجدیدی کام کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔وزیر مملکت نے دیہی ترقی محکمہ کی وساطت سے تعمیر کئے گئے کئی دیگر پروجیکٹوں کا بھی افتتاح کیا۔بعد میں مرکزی وزیر نے کمشنر سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ مرکزی سرکار کی طرف سے شروع کی گئی فلاحی سکیموں کی جانکاری عام کرنے کے لئے مختلف محکموں کی جانب سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔وی کے سنگھ نے بزرگ پنشنروں میں چیک تقسیم کرنے کے لئے علاوہ آیوشمان بھارت کے مستحقین میں گولڈن کارڈ تقسیم کئے اور بیٹی بچائو بیٹی پڑھائو کے تحت نوزائید بچیوں کے لئے ممتا کِٹ اور کھلاڑیوں میں کھیلو انڈیا کے تحت سپورٹس کِٹ بھی تقسیم کئے۔ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وی کے سنگھ نے مختلف مرکزی سکیموں کی عمل آوری پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اُنہوں نے ضلع میں پانی کے تحفظ اور آرگنک فارمنگ کو فروغ دینے کے لئے ضلع انتظامیہ کی سراہنا کی۔وی کے سنگھ نے کہا کہ مرکزی سرکار جموںوکشمیر کی جامع ترقی کی وعدہ بند ہے اور اس سلسلے میں مناسب اقدامات کئے جارہے ہیں۔ وی کے سنگھ نے عام لوگوں کے ساتھ بات چیت کے دوران سکیموں کی عمل آور کے بارے میں اُن سے جانکاری حاصل کی۔انہوں نے جائز عوامی مطالبات پورا کرنے کا یقین دلایا۔وی کے سنگھ نے کہا کہ کسی بھی علاقے کی ترقی او رخوشحالی کے لئے مستحکم سڑک رابطے لازمی ہے اور مرکزی سرکار جموں وکشمیر میں سڑکوں کا جال بچھانے کے لئے کام کر رہی ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ حکومت لوگوں کو اُن کی دہلیز پر خدمات فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے ۔ اُنہوں نے افسروں سے تلقین کی کہ وہ اپنے فرائض لگن اور تن دہی کے ساتھ انجام دیں۔کمشنر سیکرٹری نے جمو ں وکشمیر میں مختلف فلیگ شپ سکیموں کی عمل آوری کے بارے میں مرکزی وزیر کو جانکاری دی۔ٹِکر ی بلاک ڈیولپمنٹ کونسل کی چیئرپرسن نیشا شرما نے اپنے علاقے کے کئی ترقیاتی مطالبات مرکزی وزیر کی نوٹس میں لائے۔اس سے قبل پیوش سنگلا نے ضلع میں جاری ترقیاتی اور تعمیراتی سرگرمیوں کے بارے میں مرکزی وزیر کو تفصیلی جانکاری دی۔