370ختم کرنے کے بعدسے چھائے بندشوں ومواصلاتی ناکہ بندی کے سناٹے کے بیچ 36وزرأ کی آمدسے دِلی جموں وکشمیرکی رونق بحال کرنے کاتجربہ کررہی ہے،مرکز سے36وزرأ جموں وکشمیرکے مختلف علاقوں کادورہ کررہے ہیں، ایک ہفتے پر محیط دورہ جموں وکشمیر کا آغاز ہفتے کے روز تین وزرأ کی آمدکیساتھ ہوا،ان تین وزرا پر مشتمل ٹیم ہفتے کے روز ناساز موسمی حالات کے باعث جموں کے بجائے سری نگر ہوائی اڈے پر اترنا پڑا ،ایئرپورٹ پرہی کھاناکھاناپڑا،تاہم موسمی حالات میں بہتری واقع ہوتے ہی وہ جموں آگئے،ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جموں شہر میں اپنے طے شدہ پروگرام میں شرکت کی، ارجن رام میگھوال نے سانبہ کے پرانا منڈل جبکہ اشونی چوبی نے سانبہ کے چجوال علاقے کا دورہ کیا،بتایاجارہاہے کہ جموں کشمیر کا دورہ کرنے والے 36 وزرا کو وزیر اعظم نریندر مودی نے واضح کیا ہے کہ وہ وادی کے شہر و دیہات کے لوگوں میں ترقی کے پیغام کو عام کریں،ایک رپورٹ کے مطابق متذکرہ وزرا اپنے دورہ جموں کشمیر کے دوران جموں خطے میں 51 مقامات جبکہ سری نگر میں صرف 8 جگہوں پر جائیں گے،یعنی کشمیرمیں عوام تک ان کی پہنچ برائے نام ہی رہے گی، البتہ محفوظ میدان جموں میں خوب محفلیں جمائیں گے،قابل ذکر ہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے سال گزشتہ کے ماہ اگست کی پانچ تاریخ کو جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کے تحت حاصل خصوصی اختیارات کی تنسیخ اور ریاست کو دو وفاقی حصوں میں منقسم کرنے کے فیصلوں کے بعد پہلی بار مرکزی وزرا پر مشتمل کوئی ٹیم وادی کشمیر کا دورہ کررہی ہے،اپوزیشن جماعتوں نے ان دوروں کومحض فضول مشق قرار دیاہے،مرکزی وزرا کا دورہ جموں وکشمیر اس وقت ہورہا ہے جب وادی میں جہاں ایک طرف انٹرنیٹ خدمات اور پری پیڈ موبائل سہولیات گزشتہ زائد از پانچ ماہ سے مسلسل معطل ہیں اور وادی سے تعلق رکھنے والے مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے بیشتر لیڈران جن میں تین سابق وزرائے اعلیٰ بھی شامل ہیں، مسلسل خانہ یا تھانہ نظر بند ہیں نیزمزاحمتی تنظیموں کے تمام لیڈران بھی خانہ یا تھانہ نظر بند ہیں وہیں دوسری طرف وادی میں معمولات زندگی بحال ہیں، بازاروں میں دکانیں حسب معمول کھلی رہتی ہیں اور سڑکوں پر بھی ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل بمطابق معمول جاری وساری ہے نیز وادی میں ایس ایم ایس سروس کی بحالی کے علاوہ چند سرکاری ہسپتالوں میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ سروس بھی گزشتہ کچھ ہفتوں سے بحال ہے، گذشتہ روز حکومت نے جموں صوبے کے تمام اَضلاع میں مخصوص سائیٹس کے لئے 2جی خدمات بحال کی جارہی ہیں،یہ خدمات کشمیر صوبے کے کپواڑہ اور بانڈی پورہ اَضلاع میں بھی بحال ہوں گی۔تاہم اِنٹرنیٹ خدمات سری نگر، بڈگام ، گاندربل ، بارہمولہ ، اننت ناگ ، کولگام ، شوپیان اور پلوامہ اَضلاع میں بدستور بند رہیں گی، اُمیدہے وزیراعظم مودی کے ڈیجیٹل انڈیامیں جموں وکشمیرکے دورے پرآئے36وزرأ ضِدی سے 2Gانٹرنیٹ سے خوب لطف اندوزہونگے اور اس تکلیف کااعتراف ضرور کریں گے۔