یواین آئی
پٹنہ؍؍ بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج پوری ریاست میں بنائی گئی انسانی زنجیر کو سماجی برائیوں کے خلاف اور ماحولیاتی تحفظ سے منسلک جل ۔ جیون ۔ ہریالی مہم کے حق میں لوگوں کی یکجہتی کا ثبوت بتایا اور انہوں نے کہاکہ آبی تحفظ اور ہریالی کو فروغ دینے والی اس مہم کو مسلسل جاری رکھنے کی ضرورت ہے ۔ مسٹر کمار نے دار الحکومت پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان سے جل ۔ جیون ۔ ہریالی اور منشیات سے آزادی کی حمایت اور کمسنی کی شادی اور جہیز رسم کو مٹانے کے لئے بنی تاریخی انسانی زنجیر کا غبارہ اڑاکر آغاز کرنے کے بعد لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کی انسانی زنجیر سماجی برائیوں کے خلاف مہم کے ساتھ ساتھ ۔ ماحول سے منسلک جل۔ جیون ۔ ہریالی مہم کے تئیں لوگوں کے اتحاد کا ثبوت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آبی تحفظ اور ہریالی کوفروغ دے کر ہم لوگ آنے والی نسلوں کی حفاظت کر سکیںگے ۔ آپ سب سے درخواست ہے کہ اس مہم کو مسلسل چلاتے رہنے کی ضرورت ہے ۔ زیراعلیٰ نے کہاکہ یہ مہم سماجی فلاح سے بھی منسلک ہے ۔ جس میں سبھی لوگوں کاکردار اہم ہے ۔ ماحولیات کے تئیں لوگوں کو ہمیشہ بیدار رہنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج جو مجھے ماحولیات محافظ2020 کے طور پر اعزاز ملا ہے اس کی اصلی حقدار بہار کی عوام ہے جو سماجی موضوعات کے ساتھ ۔ ساتھ ماحولیات کے تئیں بیدار ہے ۔ آج کی انسانی زنجیر کے لئے پورے بہار کی عوام کو بھی بھی مبارک باد پیش کرتاہوں ۔ آج کی انسانی زنجیر کے لئے جو ہدف رکھا گیا تھا مجھے امید ہے کہ ہم لوگ اس میں کامیاب ہوںگے ۔ مسٹر کمار نے کہاکہ گاندھی میدان سے چاروں سمت میں مختلف اضلاع سے یہ انسانی زنجیر جڑی ہوئی ہے ۔ بہار کے نقشے پر گاندھی میدان میں انسانی زنجیر بنی ہے اس کے توسط سے پورا بہار اٹو ٹ طور سے زنجیروں سے جڑاہے ۔ انہوں نے کہاکہ ماحولیاتی عدم توازن اور موسمیاتی تبدیلی سے جو حالات پیدا ہوہورہے ہیں وہ سب کے سامنے ہے ۔ آنے والی نسلوں کے لئے جل ۔ جیون ۔ ہریالی مہم کی شروعات کی گئی ہے ۔ اس کے لئے لوگوں میں بیداری لانے کی لئے انہیں سبھی اضلاع میں یاترا ئیں کیں اور اس دوران ماحولیات تحفظ کے تئیں لوگوں میں کافی جوش ولولہ دیکھا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ماحولیاتی تبدیلی پر وسیع غور وخوض کیلئے اسمبلی اسپیکر اور کونسل کے کارگذار چیئر مین نے تیرہ جولائی 2019 کو سبھی جماعتوں کے ممبران اسمبلی اور ممبران کونسل کی مشترکہ میٹنگ بلائی ۔ بحث میں ماحولیات تحفظ کے لئے جل ۔ جیون ۔ ہریالی مہم کو مشن موڈ میں چلانے کا فیصلہ لیا گیا ۔ انہوں نے کہاکہ جل ۔ جیون ہریالی کا مطلب ہے جل اور ہریالی کے مابین زندگی ۔ جل اور ہریالی ہے تو تبھی زندگی محفوظ ہے ۔ آج کی انسانی زنجیر کے تئیں بیداری اور اتحاد اس بات کا ثبوت فراہم کرنے کیلئے بنائی گئی ہے ۔ اس میں سبھی طبقات اور سبھی مذاہب کے لوگوں کی حصہ داری ہوئی ہے ۔ انہیں خوشی ہے کہ کثیر تعداد میں خواتین اور نوجوان بھی اس میں شامل ہوئے ہیں۔ مسٹر کمار نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے کبھی بارش میں کمی تو کبھی بہت بارش کی صورتحال ہے ۔ سال 2018 میں 534 بلاکوںمیں سے 280 بلاکوں کو قحط زدہ قرار دیا گیا تھا۔ گذشتہ جولائی ماہ میں شدید بارش کی وجہ سے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی پھر خشک سالی کی صورتحال اور ستمبرماہ میں شدید بارش سے پھر سیلاب اور آبی جما[؟] کی صورتحال پیدا ہوگئی ۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے مختلف حصوں میں سطح آب میں کمی آرہی ہے اس صورتحال کے تئیں بھی لوگوں کو بیدار رہتے ہوئے پانی کے بیجا استعمال سے گریز کرنا ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس بار ہمیں خوشی محسوس ہوئی کہ آج انسانی زنجیر میں میگسے سے ایوارڈ یافتہ واٹر مین راجندر سنگھ بھی شامل ہوئے ہیں۔ ان سے پرانے تعلقات رہے ہیں۔ آبی تحفظ اور ماحولیات سے منسلک مختلف نکات پر ان سے گفتگو ہوتی رہتی ہے اور اس کا فائدہ بھی ملتا ہے ۔ مختلف افسران اور ضلع سطح پر بھی ان موضوعات پر ان سے مشورے لیتے رہتے ہیں اور وہ اپنابھر پور تعاون فراہم کرتے ہیں۔ خوشی اس بات کی بھی ہے کہ آج انسانی زنجیر میں اقوام متحدہ ماحولیاتی پروگرام ( یو این ای پی ) کے کنٹری ہیڈ ( ہندوستان) اتل بگئی بھی شامل ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سے قبل 21 جنوری 2017 کو منشیات سے آزادی اور شراب بندی کے حق میں اور 21 جنوری 2018 کو جہیزرسم اور کمسنی کی شادی کے خلاف لوگوں نے انسانی زنجیر بنا کر اپنے عزم کا اظہار کیا تھا۔ مسٹر کمار کو میگسے سے اعزاز یافتہ واٹرمین راجیندر سنگھ نے ترون بھارت سنگھ کی جانب سے ماحولیات محافظ 2020 کے اعزاز سے سرفراز کیا ۔ ترون بھارت سنگھ کی جانب سے وزیراعلیٰ کو تہنیتی خط بھی پیش کیا اور مسٹر سنگھ نے اس کوپڑھ کر سنایا۔ مسٹر سنگھ نے پانی سے بھرا کلش وزیراعلیٰ کو پیش کیا اور وزیراعلیٰ کو بطور اعزا زپگڑی پہنائی ۔گاندھی میدان میں بنے تاریخی انسانی زنجیر میں وزیراعلیٰ مسٹر کمار کے ساتھ ہی نائب وزیراعلیٰ سشیل کمار مودی ، بہار اسمبلی اسپیکر وجے کمار چودھری ، کونسل کے کارگذار چیئر مین ہارون رشید ، سڑک تعمیرات کے وزیر نند کشور یادو ، عمارت تعمیرات کے وزیر اشوک چودھری ، چھوٹی آبی وسائل کے وزیر نریندر نارائن یادو ، آبی وسائل کے وزیر سنجے جھا ، رکن پارلیمنٹ رام کرپال یادو ، اور محبوب علی قیصر ، وزیراعلیٰ کے مشیر انجنی کمار سنگھ ، ویزراعلیٰ کے سکریٹری دیپک کمار ، پولیس ڈائریکٹر جنرل گپتیشور پانڈے اورایڈوکیٹ جنرل للت کشور شامل ہوئے ۔ان کے علاوہ محکمہ تعلیم کے ایڈیشنل چیف سکریٹری آرکے مہاجن ، ایڈیشنل چیف سکریٹری داخلہ عامر سبحانی ، ویزراعلیٰ کے پرنسپل سکریٹری چنچل کمار ، وزیراعلیٰ کے سکریٹری منیش کمار ورما اور انوپم کمار ، پٹنہ ڈویژنل کمشنر سنجے کمار اگروال ، وزیراعلیٰ کے اسپیشل ایکزیکٹیو افسر گوپال سنگھ ، مختلف محکموں کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ، پرنسپل سکریٹری اور سکریٹری ، پولیس انسپکٹر جنرل ، پٹنہ ڈویژن سنجے سنگھ ، ضلع مجسٹریٹ کمار روی ، سنیئر پولیس سپرنٹنڈنٹ اپندر شرما ، دیگر افسران ، معزز شخصیات اور کثیر تعداد میں لوگ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر انسانی زنجیر میں شامل ہوئے ۔