لازوال ڈیسک
جموں؍؍مرکزی حکومت کے عوامی رابطہ پروگرام کے ایک حصے کے طور پر ہُنر مندی اور کارخانہ داری کے مرکزی وزیر ڈاکٹر مہیندر ناتھ پانڈے نے آج بلاک ڈنسال جموں کے مختلف پنچائتوں کا دورہ کر کے وہاں کے لوگوں کے ساتھ ملاقات کی ۔ اس موقعہ پر سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سرمد حفیظ ، ڈائریکٹر جے کے ای ڈی آئی جی ایم ڈار ، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس سلیم الرحمان کے علاوہ کئی دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں ۔ ڈنسال پنچائت میں وزیر نے کمیونٹی ہال میں لوگوں کے ساتھ بات چیت کی ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قدم عوام اور حکومت کے مابین رابطے کو مستحکم کرنا ہے تا کہ لوگوں کو فائدہ مل سکے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور مرکزی حکومت دیرپا ترقی کو یقینی بنانے کیلئے تندہی سے کام کر رہی ہے ۔ وزیر نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کی طرف سے اجاگر کئے گئے مطالبات کو پورا کیا جائے گا اور علاقے میں ایک آئی ٹی آئی قائم کیا جائے گا ۔ انہوں نے علاقے میں ایک سکل ڈیولپمنٹ سنٹر کھولنے کی متعلقہ افسروں کو ہدایت دی انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ www.mygov.in پر اپنے خیالات کا اظہار کریں ۔ وزیر نے کئی مقامات پر ترقیاتی کاموں کا بھی افتتاح کیا جنہیں این آر ڈی ڈبلیو پی کے تحت ہاتھ میں لیا گیاہے ۔ اس سے پہلے تاڑا پنچائت میں وزیر نے وی ٹو وی ون کے تحت ہاتھ میں لئے گئے کاموں کا بھی افتتاح کیا ۔ اس موقعہ پر لوگوں نے اپنے اپنے مسائل کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے لوگوں کو یقین دلایا کہ اُن کے مطالبات پر ہمدردسانہ غور کیا جائے گا