جموں کشمیر ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گا :پیوش گوئیل

0
0

التوا میں پڑے ہر ایک پروجیکٹ کو اب کلیئر کیا گیا ہے،ترقی تیزہوگی
لازوال ڈیسک

جموں؍؍ریلویز اور صنعت و حرفت کے مرکزی وزیر پیوش گوئیل نے کہا ہے کہ جموں کشمیر یو ٹی دفعہ 370 کے خاتمے کے بعد ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو گی ۔ مرکزی حکومت کے خصوصی عوامی رابطہ پروگرام کے دوسرے دن آج اکھنور میں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے پیوش گوئیل نے کہا کہ جموں کشمیر یو ٹی میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا جس سے لوگ پچھلے 72 برسوں سے محروم تھے ۔ انہوں نے اس موقعہ پر لوگوں کو مرکزی سکیموں اور پالیسیوں سے روشناس کرایا ۔ جموں کشمیر یو ٹی کو دیش کا نور قرار دیتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ التوا میں پڑے ہر ایک پروجیکٹ کو اب کلیئر کیا گیا ہے جس سے ترقیاتی عمل کا ایک نیا دور شروع کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مختلف سکیموں کی پیش رفت کا ایک تفصیلی خاکہ بھی پیش کیا اور کہا کہ آیوشمان بھارت سکیم کے تحت جموں کشمیر یوٹی نے پہلا مقام حاصل کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم اے وائی کے تحت 18 ہزار سے زائد مکانات تعمیر کئے گئے ہیں اور سوچھ بھار ت کے تحت ڈھائی لاکھ بیت الخلاء بھی تعمیر کئے جا چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ 7 لاکھ مستحقین کو مختلف سکیموں کے دائرے میں لایا جا چکا ہے ۔ پیوش گوئیل نے جموں کشمیر کے پن بجلی پروجیکٹوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پکل ڈول پن بجلی پروجیکٹ پچھلے آٹھ برسوں سے رُکا ہوا تھا جسے اب کلیئر کیا گیا ہے اس کے علاوہ 850 ایم ڈبلیو ریٹلی پن بجلی پروجیکٹ اور 624 ایم ڈبلیو کیرو پن بجلی پروجیکٹ بھی کلیئر کئے گئے ہیں ۔ حکومت کے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے وزیر موصوف نے کہا کہ جموں کشمیر کے چناب علاقے میں دُنیا کا سب سے بڑا اونچا پُل تعمیر کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر سے کنیا کماری تک رابطے کو بڑھاوا دینے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور ملک کے وزیر اعظم اس میں ذاتی طور دلچسپی لے رہے ہیں ۔ وزیر نے کہا کہ چنینی سدھ مہا دیو پروجیکٹ کو مئی 2021 تک مکمل کیا جائے گا جبکہ رام باغ فلائی اوور کو پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت ہزاروں کلو میٹر لمبی سڑکیں بھی تعمیر کی گئی ہیں ۔ انہوں نے اس موقعہ پر کئی دیگر اہم پروجیکٹوں سے متعلق جانکاری بھی لوگوں کے سامنے رکھی ۔ وزیر نے کہا کہ حکومت زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے جموں کشمیر یو ٹی میں انسوسٹمنٹ سمٹ کا بھی انعقاد کر رہی ہے ۔ ریلوے محکمے کی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے پیوش گوئیل نے کہا کہ دلی اور کٹڑہ کے درمیان بندے بھارت ایکسپریس شروع کی گئی ہے جبکہ کٹڑہ بانہال ریل پروجیکٹ میں بھی تیزی لائی جا رہی ہے تا کہ لوگ مستفید ہو سکیں ۔ اس سے پہلے اپنے دورے کے دوران وزیر نے گورکھی ڈھکی ، جے پوٹا اکھنور میں چناب دریا پر کئی ترقیاتی پروگراموں کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے بی ایچ ایس ایس اکھنور میں انڈور سپورٹس ہال کا بھی ای افتتاح کیا ۔ عوامی رابطہ حصے کے طور پر ایک ہفتے تک جاری رہنے والے دوروں کے دوران 38 مرکزی وزراء جموں کشمیر کے مختلف ضلعوں میں 60 مقامات کا دورہ کریں گے ۔ اس دورے کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جموں کشمیر کی ترقی کے حوالے سے مرکزی حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں سے متعلق جانکاری عام لوگوں تک پہنچائی جا سکے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا