لیفٹیننٹ گورنر نے اکھنور سے جوڑیاں تک دور ہ کیا

0
0

آثارِ قدیمہ کے علاوہ اندری پٹن ۔برگوال پُل پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا
بی ڈی سی کے چیئرپرسن اور میونسپل کمیٹی اکھنور کے ممبران کے ساتھ بات چیت کی
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج اکھنور۔ جوڑیاں علاقے کے دورے کے دوران بدھ مت کے آثار قدیمہ انباراں اور تاریخی اکھنور قلعہ کا معائینہ کیا۔اُنہوں نے اس موقعہ پر آثارِ قدیمہ کے تحفظ اور بحالی پر زور دیتے ہوئے انبار اں سائیٹ اور اکھنور قلعہ کو سیاحتی مقام کے طور پر ترقی دینے کی ہدایات جاری کیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اِن سائیٹوں کی دیکھ بھال اور انہیں جاذبِ نظر بنانے کے لئے اقدامات کریں۔اکھنور قلعہ کا ذِکر کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ قلعہ کے علاقے میں موجود محکمہ صحت ِ عامہ کی اوور ہیڈ ٹینک کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے اقدامات کریں۔جوڑیاں کے دورے کے دوران لیفٹیننٹ گورنر نے 119.69کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کئے جارہے اِندری پٹن ۔پرگوال پُل پر جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔اِس پُل کی لمبائی 1640 میٹر ہوگی ۔اُنہوں نے عمل آوری ایجنسی پر زور دیا کہ وہ اس بڑے پروجیکٹ کی تکمیل مقررہ اوقات کے اندر یقینی بنائیں۔بعد میں لیفٹیننٹ گورنر نے بلاک ڈیولپمنٹ کونسلوں کے چیئرپرسنوں اور میونسپل کمیٹی اکھنور کے ممبران سے ملاقات کی جہاں اُنہیں کئی مطالبات پیش کئے گئے ۔اُن میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال کی عمارت کی تکمیل ، ویٹرنری ہسپتال کو دوسری جگہ منتقل کرنے ، دسکل میں قائم باغبانی منڈی کو سڑک رابطہ فراہم کرنے اور قصبے کے لئے سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ قائم کرنے جیسے مطالبات شامل تھے۔لیفٹیننٹ گورنر نے لوگوں کے مطالبات کو بغور سنا اور انہیں یقین دلایا کہ حکومت اُن کے تمام جائز مطالبات کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کرے گی۔کمشنر سیکرٹری محکمہ تعمیراتِ عامہ خورشید احمد شاہ، صوبائی کمشنر جموں سنجیو ورما، ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں سدھرشن کمار، چیف انجینئر تعمیراتِ عامہ دیس راج بھگت و دیگر اعلیٰ افسران لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ تھے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا