مرکزی وزرأ پہ مشتمل گروپ جموں وکشمیرکادورہ کرے گا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍مرکزی سرکار کے خصوصی عوامی رابطہ کاری پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزراء کا ایک وفد جموں کشمیر یو ٹی کا دورہ کرے گا ۔ وفد دورے کے دوران مختلف ضلعوں میں لوگوں کے ساتھ بات چیت کرے گا اور انہیں مختلف موضوعات کے تحت شروع کی گئی ترقیاتی سرگرمیوں سے روشناس کرائے گا ۔ اس میں جون 2018 میں نافذ کئے گئے صدر راج اور اب پچھلے برس اگست مہینے میں تشکیل نو اقدام کے بعد شروع کئے گئے تیز تر ترقیاتی عمل بھی شامل ہے ۔ اس کے علاوہ لوگوں کو صد فیصد کوریج والی 55 سکیمیں ، بنیادی ڈھانچے کو بڑھاوا دینے بشمول پی ایم ڈی پی کی عمل آوری ، فلیگ شپ سکیمیں اور اہم پروجیکٹ ، بہتر حکمرانی اور تمام لوگوں کو ترقی کے بہتر مواقعے ، تیز تر صنعتی ترقی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ روز گار کے مواقعے پیدا کرنے کے اقدامات بھی شامل ہیں ۔ عوامی رابطہ کاری پروگرام کے تحت مرکزی وزراء جموں کشمیر یو ٹی کے دونوںصوبوں میں مختلف ضلعوں کا دورہ کریں گے اور یو ٹی کی مجموعی ترقیات سے متعلق مرکز کی پالیسیوں کی اہمیت کو اجاگر کریں گے ۔ اس کے ساتھ ساتھ لوگوں کو حکومت کی طرف سے خاص طور پر پچھلے پانچ مہینوں کے دوران دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد کئے جا رہے ترقیاتی اقدامات کے بارے میںبھی جانکاری دی جائے گی ۔