لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر کے ۔ کے ۔ شرما نے کہا کہ پتنی ٹاپ کو عالمی سطح کا سیاحتی مقام بنانے اور اس کو بین الاقوامی سیاحتی نقشے پر لانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔مشیر موصوف پتنی ٹاپ کے دورے کے دوران محکمہ کے افسروں کے ساتھ تبادلہ خیال کر رہے تھے۔ناظم سیاحت جموں اور محکمہ کے اعلیٰ افسران ان کے ہمراہ تھے۔ایک جائزہ میٹنگ کے دوران مشیر موصوف نے محکمہ سیاحت کی جانب سے دردست لئے گئے مختلف پروجیکٹوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سیاحتی ڈھانچے کو مزید مستحکم بنانے کے لئے اِن پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل پر زرو دیا۔ مشیر نے ناظم سیاحت کو اِن پروجیکٹوں کی مسلسل نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے کہا کہ پتنی ٹاپ کی ترقی کے لئے کئے جارہے اقدامات کا بھی متواتر بنیادوں پر جائزہ لیا جانا چاہیئے۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی سرکا رنے جموںوکشمیر میں سیاحتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے فراخد لانہ امداد فراہم کی ہے۔بعد میں مشیر موصوف نے پتنی ٹاپ میں سیاحوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے چھ ماہ قبل شروع کئے گئے پتنی ٹاپ کیبل کار کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا۔