شہریت ترمیمی قانون کے خلاف حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر ترنگا ریلی

0
0

لاکھوں افراد شریک،سیاہ قانون کو واپس لینے کا مطالبہ
یواین آئی

حیدرآباد؍؍ شہریت ترمیمی قانون سی اے اے ’ این آر سی’ این پی آرکے خلاف جمعہ کو شہر حیدرآباد میں بڑے پیمانہ پر ترنگا ریلی نکالی گئی جس میں کئی لاکھ افراد نے شرکت کرتے ہوئے ان سیاہ قوانین کی مخالفت کی۔ شہر حیدرآباد کی بڑی عیدگاہ میرعالم پر1:15بجے دوپہر نماز جمعہ ادا کی گئی جس کے ساتھ ہی عیدگاہ میرعالم سے شاستری پورم میدان تک بڑے پیمانہ پر یہ ریلی نکالی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ ریلی کی خاص بات یہ رہی کہ غیرمسلم افراد نے اس سے نہ صرف اظہاریگانگت کیا بلکہ اس میں شریک بھی ہوئے ۔ موٹرسیکلوں’بائکس اور دیگر گاڑیوں کے ساتھ ساتھ ریلی میں شامل افراد شہریت ترمیمی قانون اور مودی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے ۔شرکاء کے ہاتھوں میں ترنگے تھے ۔ ریلی کی قیادت حیدرآباد کے رکن پارلیمنٹ بیرسٹراسدالدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین نے کی۔ یہ ریالی یونائیٹڈ مسلم ایکشن کمیٹی کی جانب سے نکالی گئی۔ لوگوں نے اپنی سہولت کے مطابق مقامی مساجد میں جمعہ ادا کی جس کے بعد اس ریالی میں شریک ہوئے ۔ ریالی میں مختلف جماعتوں’ تنظیموں انجمنوں کے نمائندوں و اہم شخصیات ’ جہد کار وں’علماء کرام و مشائخین شریک تھے ۔ ایکشن کمیٹی کے ذمہ داران مولانا سید شاہ علی اکبرنظام الدین حسینی صابری امیرجامعہ نظامیہ’ مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری معتمد صدر مجلس علمائے دکن’ مولانا محمد رحیم الدین انصاری صدر مشترکہ مجلس عمل’ جناب اکبرالدین اویسی قائد مجلس مقننہ پارٹی’ مولانا حافظ پیر شبیر احمد صدرجمیعتہ العلماء تلنگانہ و اے پی’ مولانا حامدمحمدخاں امیر جماعت اسلامی تلنگانہ و اڈیشہ’ مفتی حافظ سید صادق محی الدین صدر دارالقضاء والافتاء الہند’ مفتی غیاث الدین رحمانی صدر جمعیتہ العلماء ہند تلنگانہ و اے پی’ مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی خطیب جامع مسجد ملے پلی’ مولانا محمدحسام الدین ثانی جعفر پاشاہ امیرامارت ملت اسلامیہ’ مولانا سید مسعودحسین مجتہدی صدرمہدویہ اکیڈیمی’ مولانا سید اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ قادری نبیرہ شیخ الاسلام’ مولانا سید احمدالحسینی سعید قادری صدر قادریہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن’ مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدرآغا صدر شیعہ مجلس علماء و ذاکرین’ مولانا صفی احمدمدنی صدر جمعیتہ اہلحدیث’ جناب ضیاء الدین نیر نائب صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت’ جناب سید منیرالدین احمدمختار جنرل سکریٹری یونائیٹڈ مسلم فورم نے اس ریلی سے یگانگت کا اظہار کیا اور اس میں شریک ہوئے ۔عیدگاہ میر عالم پر نماز جمعہ کی امامت مولانا حافظ رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد نے کی اور خطبہ دیا جبکہ تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ محمد لطیف احمد امام مکہ مسجد و نائب شیخ الفقہ جامعہ نظامیہ نے خطابت اور امامت کے فرائض انجام دیئے ۔ ترنگا ریلی کو کامیاب بنانے حیدرآباد کے پرانا شہر کے تمام تاجروں نے اپنے کاروبار بند رکھے ۔ اولڈ سٹی ٹریڈرس ایسوسی ایشن نے اس بند کا اعلان کیا تھا۔ ایسوسی ایشن کے ذمہ داروں نے بتایا کہ اپنے ملک کے سیکولرکردار کی حفاظت’ دستور کے تحفظ کے لئے تاجر برادری ہر قسم کی قربانی دینے کے لئے تیار ہے ۔ایسوسی ایشن نے صدر کل ہند مجلس اتحاد المسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسد الدین اویسی کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ترنگا ریلی کی کامیابی نے پورے ملک کے سیکولر عوام کو ایک نئی طاقت اور ہمت عطا کی۔اس ریلی کی حمایت میں حیدرآباد کے تجارتی ادارے بند رہے ۔نامپلی’گولکنڈہ’ ٹولی چوکی’مانصاحب ٹینک’ مہدی پٹنم’ ملے پلی’ آصف نگر کے علاقوں میں دکانات بند رہیں۔ علاوہ ازیں وکلائ’اساتذہ اور دیگر پیشہ ور شخصیتوں کی تنظیموں نے بھی ریلی میں شرکت کی۔ریلی کے ذمہ داروں نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف آواز بلند کی اور مودی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس قانون کو فوری طور پر واپس لے ۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا