نئی دہلی،// اپوزیشن نے آج راجیہ سبھا میں الزام لگایا کہ حکومت ایک طرف لوگوں پر مسلسل ٹیکس اور مہنگائی کی دوہری مار کررہی ہے تو دوسری طرف صنعتکاروں کو فائدہ پہنچا رہی ہے، وہیں حکمراں پارٹی نے دعویٰ کیا کہ حکومت نامساعد حالات میں عزم کے ساتھ کام کرتے ہوئے ملک کو مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن کر رہی ہے۔
کانگریس کے شکتی سنگھ گوول نے پیر کو راجیہ سبھا میں فنانس بل اوراپروپریشن بل پر مشترکہ طور پر بحث کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پٹرول، ڈیزل اور دیگر اشیاء پر ٹیکس لگاتار بڑھا کر عوام کو دوہری مارجھیلنے کے لئے مجبورکررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متوسط طبقے کو ٹیکسوں میں راحت دینے کے بجائے ان سے بعض معاملات میں سابقہ اثر سے ٹیکس وصول کرنے کی تیاری ہے جو کہ سراسر نامناسب ہے۔ حکومت ایک ہاتھ سے کچھ چھوٹ دیتی ہے تو دوسرے ہاتھ سے وصول کر لیتی ہے، اس سے عام آدمی کی حالت میں کوئی بہتری نہیں آتی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ عام آدمی کو فائدہ پہنچانے کے بجائے حکومت کی پالیسیاں سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے والی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کووڈ 19 سے متاثر لوگوں کو راحت پہنچانے کےنام پر صرف خالی وعدے اور اعلانات کئے ہیں۔