یواین آئی
نئی دہلی؍؍لوک سبھا نے آج فنانس بل 2022 کو وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کی طرف سے پیش کردہ 39 سرکاری ترامیم کے ساتھ منظور کر لیا۔بحث کا جواب دیتے ہوئے محترمہ سیتا رمن نے ایوان میں کہا کہ حکومت عام لوگوں پر ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کرنے کی پالیسی پر کام کرتی ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کورونا کی وبا سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے اور نظام کو واپس پٹری پرلانے کی کوششوں کے درمیان اس سال کے بجٹ میں بھی کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا اور نہ ہی ٹیکسوں میں کوئی اضافہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے چھوٹی، مائیکرو اور میڈیم سیکٹر انڈسٹریز کی حوصلہ افزائی اور فائدہ کے لیے چھتریوں پر کسٹم ڈیوٹی عائد کی ہے کیونکہ اس سے مقامی مصنوعات کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ ٹیکس میں کٹوتی سے معیشت کو تقویت ملی ہے۔ کمپنیوں کو فائدہ ہوا اور روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ رواں مالی سال میں اب تک 7.3 لاکھ کروڑ روپے کا کارپوریٹ ٹیکس جمع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چند سال پہلے ٹیکس دہندگان کی تعداد پانچ کروڑ تھی جو اب بڑھ کر 9.1 کروڑ ہو گئی ہے۔اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے یا کمی کا الیکشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔فنانس بل 2022 کی منظوری کے ساتھ ہی مالی سال 2022-23 کے بجٹ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔