تہران ، 8 جنوری (اسپوتنك) ایران نے کہا ہے کہ عراق میں واقع امریکی فوجی ٹھکانوں پر کئے گئے حملے اپنے دفاع میں اٹھایا گیا قدم ہے اور یہ اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق ہے ۔ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے ٹویٹ کر کے کہا’’ ایران نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع میں اس امریکی ٹھکانے کو نشانہ بنایا جہاں سے ہمارے شہریوں اور سینئر افسران کے خلاف بزدلانہ مسلح حملہ کیا گیا تھا ۔ ہم کشیدگی بڑھانا یا جنگ نہیں چاہتے ہیں، لیکن کسی بھی حملے کے خلاف خود کا دفاع کریں گے ‘‘۔اس سے قبل ایران کی پاسداران ِ انقلاب اسلامی کی القدس فورس نے اعلان کیا کہ عراق میں امریکی فوجی اڈوں پر حملے انتقامی مہم کا حصہ ہے ۔ گزشتہ جمعہ کے روز عراق کے دارالحکومت بغداد میں ہوئے امریکی حملے میں ایران کا اعلی کمانڈر قاسم سلیمانی سمیت کئی افراد ہلاک ہوئے تھے جس کا انتقام لینے کی ایران نے دھمکی دی تھی۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی میزائل حملے میں کسی امریکی فوجی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔