لاس ویگاس// جدید ترین مصنوعات کی سالانہ عالمی نمائش ’’کنزیومر الیکٹرونکس شو‘‘ پوری آب و تاب کے ساتھ جاری ہے اور اس موقع پر ’’میٹرکس‘‘ نامی ایک کمپنی نے ایسی بوتل پیش کی ہے جو اپنے اندر رکھے گئے مشروب (سافٹ ڈرنک وغیرہ) کو صرف چند منٹوں میں اتنا ٹھنڈا کرسکتی ہے کہ اسے پیتے ہی دانت بجنے لگیں۔دراصل یہ بوتل نہیں بلکہ مشروبات ٹھنڈا کرنے والا ایک آلہ ہے جسے ’’جونو‘‘ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ اتنا مختصر ہے کہ درمیانی جسامت والی میز کے ایک کونے میں بہ آسانی سما سکتا ہے۔ یہ اپنے ڈیزائن میں بھی بہت سادہ ہے اور اس میں صرف دو بٹن ہیں: ایک مناسب ٹھنڈا کرنے کیلیے اور دوسرا تیز ٹھنڈا کرنے کیلیے۔ ایک طرف پتلی اور لمبی ایل ای ڈی پٹی نصب ہے جو اندر رکھے مشروب کے گرم ہونے پر سرخ ہوتی ہے اور جب وہ مشروب مطلوبہ حد تک ٹھنڈا ہوجاتا ہے تو ایل ای ڈیز کی روشنی نیلی ہو جاتی ہے۔البتہ ’’جونو‘‘ میں کسی بھی شربت یا سافٹ ڈرنک وغیرہ کو براہِ راست انڈیلا نہیں جاسکتا بلکہ بوتل یا کین میں بند مشروب ہی اس میں رکھا جاسکتا ہے۔ کھلا شربت اس بوتل میں رکھ کر ٹھنڈا کرنے کیلیے ’’جونو‘‘ کے ساتھ علیحدہ سے ایک بوتل دستیاب ہے جو اس آلے میں بالکل فٹ آجاتی ہے۔اس آلے کا طریقہ کار بہت سادہ ہے: اس کی اندرونی نالیوں میں انتہائی سرد پانی ہر وقت گردش کرتا رہتا ہے۔ اندر رکھی مشروب کی بوتل کو جلد ٹھنڈا کرنے کیلیے اسے تیزی سے گھمایا جاتا ہے جس کی وجہ سے مشروب کا مائع، بوتل کی بیرونی دیواروں کے ساتھ لگ جاتا ہے۔ سیکنڈ بھر میں وہ بوتل کی سرد دیوار میں اپنی گرمی منتقل کرکے ٹھنڈا اور کثیف ہوکر قدرے اندر کی طرف چلا جاتا ہے اور اس کی جگہ دوسرا، نسبتاً گرم مائع لے لیتا ہے۔ اسی دوران ’’جونو‘‘ کی اندرونی نالیوں میں گھومتا ہوا انتہائی سرد پانی بھی حرکت کرچکا ہوتا ہے اور اس قدرے کم ٹھنڈے پانی کی جگہ نیا سرد پانی لے لیتا ہے۔ اس طرح مشروب کو ٹھنڈا کرنے کا سلسلہ تیزی سے آگے بڑھتا ہے اور شربت کی ایک لیٹر والی بوتل بھی صرف دو سے تین منٹ میں انتہائی یخ بستہ (شدید سرد) ہوجاتی ہے جیسے اس میں برف کی درجنوں ڈلیاں انڈیل دی گئی ہوں۔سرِدست یہ بوتل ’’پری آرڈر‘‘ کی بنیاد پر متعارف کروائی گئی ہے جس کی سپلائی ’’کنزیومر الیکٹرونکس شو‘‘ کے چند دن بعد شروع کی جائے گی۔ ویسے تو پری آرڈر کے مرحلے پر ’’جونو‘‘ کی 199 امریکی ڈالر (تقریباً 31,000 پاکستانی روپے) جتنی رکھی گئی ہے جو اگلے چند دنوں میں (پری آرڈر مرحلہ ختم ہوجانے کے بعد) 299 ڈالر (تقریباً 46,000 پاکستانی روپے) کردی جائے گی۔صرف ایک بوتل ٹھنڈی کرنے کیلیے بلاشبہ یہ بہت مہنگا سودا ہیویسے تو میٹرکس کمپنی اور بھی کئی ٹیکنالوجیز پر کام کررہی ہے مگر تیزی سے ٹھنڈا کرنے والی یہ ٹیکنالوجی پیش کرنے کا اصل مقصد ایسے بڑے کنٹینروں کیلیے فنڈنگ جمع کرنا ہے جو اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر رکھی چیزوں (بالخصوص دواؤں اور غذائی اشیائ) کو تیزی سے ٹھنڈا کرسکیں اور لمبے عرصے تک کارآمد حالت میں ٹھنڈا رکھ سکیں۔اس سب کے باوجود ’’جونو‘‘ سے فائیو اسٹار ہوٹلز اور مشروبات فروخت کرنے والی مہنگی دکانیں ضرور فائدہ اٹھا سکیں گی تاکہ ان کے صارفین کو ٹھنڈے ٹھار مشروبات کا لطف اٹھانے میں زیادہ انتظار نہ کرنا پڑے۔