نوگام میں پولیس گاڑی نے دو راہگیروں کو کچل ڈالا

0
0

دسویں جماعت کا طالب علم ازجاں اور دکاندار زخمی؛علاقے میں تشدد بھڑک اٹھا، مقامی لوگوں کی سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں
یواین آئی

سرینگر؍؍ سری نگر کے مضافاتی علاقہ نوگام میں منگل کی صبح اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب ایک تیز رفتار آرمڈ پولیس گاڑی نے راہ چلتے دو راہگیروں کو کچل ڈالا جن میں سے ایک جو دسویں جماعت کا طالب علم تھا، زخموں کی تاب نہ لاکر از جان ہوگیا جبکہ دوسرا زخمی ہسپتال میں زیر علاج ہے۔عینی شاہدین کے مطابق واقعہ وقوع پذیر ہوتے ہی ویاں موجود لوگوں نے پولیس گاڑی پر دھاوا بول دیا اور پولیس ڈرائیور کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن پولیس اہلکاروں نے جائے واردات سے فرار ہونے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جس دوران پولیس اور لوگوں میں جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا۔تفصیلات کے مطابق نوگام چوک کے متصل منگل کی صبح ایک انتہائی تیز رفتار آرمڈ پولیس گاڑی زیر نمبر JK01F 0853 نے راہ چلتے دو راہگیروں کو کچل کر زخمی کردیا۔ زخمیوں میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاکر از جان ہوگیا جب کہ دوسرا ہسپتال میں زیر علاج ہے۔متوفی طالب علم کی شناخت تحسین نذیر ولد نذیر احمد ساکن خواجہ پورہ نوگام کے بطور ہوئی ہے۔ جبکہ زخمی کی شناخت محمد یوسف ولد محمد صمد نامی ایک مقامی دکاندار کے طور پر ہوئی ہے۔ ایک مقامی باشندے نے یو این آئی اردو کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ تحسین نذیر صبح کے وقت ٹیویشن کے لئے جارہا تھا کہ تیز رفتار پولیس گاڑی نے اس کو ابدی نیند سلادیا۔ انہوں نے کہا کہ تحسین ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتا تھا۔عینی شاہدین نے بتایا کی نٹی پورہ سے نوگام بائی پاس کی طرف انتہائی تیز رفتار سے آرہی ایک پولیس گاڑی نے پندرہ سالہ طالب علم کو کچلنے سے قبل ایک آلٹو گاڑی کو زوردار ٹکر مار کر لوہے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس گاڑی نے راستے میں چلتی کئی گاڑیوں کو بھی ٹکر ماردی اور راہگیر پولیس گاڑی کی رفتار کو حد سے زیادہ تیز دیکھ کر مبہوت ہورہے تھے۔پولیس گاڑی کی طرف سے طالب علم کچلتے دیکھ کر وہاں موجود لوگ مشتعل ہوئے اور پولیس گاڑی پر دھاوا بول دیا اور ڈارئیور کو پکڑنے کی کوشش کی۔عینی شاہدین نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے جائے واردات سے فرار ہونے کے لئے ہوائی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوا۔انہوں نے کہا کہ پولیس نے لوگوں کو منتشر کرنے کے لئے مبینہ طور پر اشک آور گیس کے گولوں کے علاوہ پلٹ کے گولے بھی داغے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ پولیس کارروائی میں کئی افراد کو معمولی نوعیت کی چوٹیں بھی آئیں۔دریں اثنا پولیس کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق پولیس تھانہ نوگام میں اس سلسلے میں ایک کیس درج ہوا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں پولیس تھانہ نوگام میں ایک کیس زیر ایف آئی آر نمبر 3/2020 درج کیا گیا ہے۔پولیس بیان میں کہا گیا کہ نوگام میں دو گاڑیوں جن میں ایک پولیس گاڑی تھی، کے درمیان پیش آئے حادثے میں دو افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری علاج ومعالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے ایک زخموں کی تاب نہ لاکر ازجان ہوا۔متوفی کی شناخت تحسین نذیر ساکن نوگام کے بطور ہوئی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ پولیس نے ڈرائیور کو بھی گرفتار کیا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا