گوہاٹی؍؍ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے کھیل کی سب سے قدیم شکل ٹیسٹ میں تبدیلی کرنے اور اسے چار دن کرنے کی تجویز کی سختی سے مخالفت کی ہے ۔ہندستان اور سری لنکا کے درمیان اتوار سے شروع ہونے والی تین ٹوئنٹی 20 میچوں کی سیریز کے موقع پر یہاں ہفتہ کو منعقد پریس کانفرنس میں وراٹ نے آئی سی سی کے ٹیسٹ میں تبدیلی پر کہا کہ وہ پانچ دن کے ٹیسٹ فارمیٹ میں کسی طرح کی تبدیلی نہیں چاہتے ہیں۔ غور طلب ہے کہ عالمی ادارے نے سال 2023 سے عالمی ٹیسٹ چمپئن شپ میں چار دنوں کے ٹیسٹ میچ کھیلنے کی تجویز پیش کی ہے ، جسے لے کر وہ کافی سنجیدہ دکھائی دے رہا ہے ۔ہندوستانی کپتان نے کہاکہ میرے حساب سے ٹیسٹ میں تبدیلی درست نہیں ہے ۔ میں نے پہلے بھی کہا ہے کہ ٹیسٹ کو تجارتی طور پر زیادہ فائدہ مند بنانے کیلئے ٹیسٹ میں ڈے نائٹ فارمیٹ شروع کیا گیا ہے ۔ لیکن اس شکل میں اتنی زیادہ تبدیلی درست نہیں ہے ۔ مجھے ایسا نہیں لگتا کہ چار دن میچ کھیلنا صحیح قدم ہوگا ۔ ٹیسٹ کو ڈے نائٹ کرنا ہی اپنے آپ میں بڑا قدم ہے ۔انہوں نے کہاکہ میرے حساب سے ٹیسٹ میں تبدیلی کرنے کے پیچھے صرف ایک ہی مقصد ہے اور وہ مہم جوئی پیدا کرنا اور لوگوں کی تعداد کو بڑھانا ہے ۔ آپ اسے کم کر تین دن کا بھی کر سکتے ہیں ۔ مجھے نہیں پتہ کہ آپ کہاں تک تبدیلی کی بات کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد آپ ٹیسٹ کرکٹ کے ختم ہونے کی بات کرتے ہیں۔ میں اس طرح کے فیصلوں کے لئے اپنی رضامندی نہیں دے سکتا ہوں۔ مجھے نہیں لگتا ہے کہ یہ ٹھیک ہے ۔وراٹ نے کہاکہ ٹیسٹ کرکٹ ہی اصل کرکٹ ہے ۔ ابتدا میں کرکٹ ایسے ہی شروع ہوا تھا اور ٹیسٹ کی شکل ہی ایسی ہے جو آپ سب سے زیادہ بین الاقوامی کرکٹ کھیلتے ہیں ۔ اس سے پہلے ہندستان واحد ملک تھا جس نے ٹیسٹ کرکٹ کو گلابی گیند سے کھیلنے پر سب سے زیادہ سوال اٹھائے تھے اور سب سے آخر میں گزشتہ سال ہی اس نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنا پہلا ڈے نائٹ ٹیسٹ کھیلا تھا۔