سری نگر میں موہن بھگان کا دبدبہ برقرار

0
0

ریئل کشمیر کو دو – صفر سے شکست دے دی
از: فدا بابا
سرینگر؍؍سری نگر کے ٹی آر سی گرائونڈ میں اتوار کے روز قومی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ ہیرو آئی لیگ سیشن 2019-20 میں کلکتہ کی موہن بھگان نے میزبان ٹیم ریئل کشمیر کو دو – صفر سے ہرا دیا۔چلہ کلان کی زمستانی ہوائوں اور منفی دو سینٹی گریڈ درجہ حرارت کے بیچ کھیلے جانے والے اس دلچسپ مقابلے، جس کو دیکھنے کے لئے وادی کے اطراف و اکناف سے ہزاروں فٹ بال شائقین ٹی آر سی گرائونڈ پہنچے تھے، کے دوسرے ہالف میں موہن بھگان نے میچ کے 72 اور 74 ویں منٹ پر دو شاندار گول داغ کر میچ پر مضبوط پکڑ بنالی اور ریئل کشمیر کو آخری سکینڈ تک ایک بھی گول کرنے نہیں دیا۔ سری نگر کے قلب اور بلند قامت چنار کے درختوں کی گود میں واقع ٹی آر سی گراؤنڈ میں ہیرو آئی لیگ سیشن 2019-20 کا تیسواں مگر سری نگر میں کھیلے جانے والا دوسرا میچ دن کے ٹھیک ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوا۔ منتظمین کے مطابق موہن بھگان اور ریئل کشمیر کے درمیان آئی لیگ کا یہ میچ 11 ہزار 524 افراد کی موجودگی میں کھیلا گیا اور منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ کے باوجود دونوں کھلاڑیوں اور شائقین کا جوش کافی بلند تھا۔موہن بھگان نے اس شاندار جیت کے ساتھ ٹی آر سی گرائونڈ میں ریئل کشمیر کو ہرانے کا سلسلہ جاری رکھا کیونکہ گزشتہ سال بھی موہن بھگان نے ریئل کشمیر کو اپنے ہی گھر میں ہرایا تھا۔ تاہم بعد ازاں ریئل کشمیر نے موہن بھگان کو اس کے گھر یعنی کلکتہ میں ہرایا تھا۔یو این آئی نامہ نگار کے مطابق میچ کے پہلے ہالف میں کوئی بھی ٹیم گول داغنے میں کامیاب نہیں ہوئی تاہم دوسرے ہالف کے 26 اور 28 ویں منٹ اور میچ کے 72 اور 74 ویں منٹ پر موہن بھگان کے لئے جوزبا بیٹے اور ناگ ڈیمبا نے پے در پے دو گول داغے۔ ریئل کشمیر نے میچ کے دوران گول کرنے کے متعدد مواقع گنوا دیے۔میچ کے دوران جہاں ٹی آر سی گرائونڈ کے اندر اور باہر سینکڑوں کی تعداد میں ریاستی پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات رہے وہیں اسٹیڈیم کو جانے والی سڑک یعنی ریذیڈنسی روڑ پر ہر اتوار کو لگنے والے سنڈے مارکیٹ میں بھی تجارتی سرگرمیاں عروج پر نظر آئیں۔ اگرچہ ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹر سے ٹی آر سی کراسنگ تک کے حصے تک سنڈے مارکیٹ دوپہر دو بجے تک سج نہیں سکا تاہم میچ ختم ہونے کے ساتھ ہی چھاپڑی فروشوں کو اپنا سامان سجانے کی اجازت دی گئی۔ آئی لیگ کے اس دلچسپ مقابلے کو دیکھنے کے لئے اتنے لوگ آئے تھے کہ ریاستی پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو بھیڑ پر قابو پانے کے لئے ہلکا لاٹھی چارج بھی کرنا پڑا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اسٹیڈیم میں 10 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے لیکن میچ دیکھنے کے لئے شائقین کی ایک بڑی تعداد امڈ آئی تھی جس کے پیش نظر سیکورٹی فورسز اہلکاروں کو اضافی شائقین جو اسٹیڈیم کے اندر داخل ہونے پر بضد تھی، کو منتشر کرنے کے لئے ہلکا لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میچ کے لئے سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے اور اردگرد کی صورتحال کا ڈرون کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی گئی۔ سری نگر کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری جنہوں نے پورے میچ سے لطف اٹھایا، نے نامہ نگاروں کو بتایا: ‘اسٹیڈیم میں دس ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ گنجائش کے مطابق ہی شائقین کو ٹکٹیں فراہم کی گئیں اور اندر آنے دیا گیا۔ میری میڈیا سے گزارش ہے کہ وہ ایونٹ کو مثبت انداز میں ہی پیش کریں’۔ان کا مزید کہنا تھا: ‘ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے یہاں آکر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ آنے والے دنوں میں اور بھی میچز ہیں اور منتظمین بہت اچھا کام کررہے ہیں’۔ ٹی آر سی میں قائم ٹکٹ سینٹروں پر اتوار کو صبح سے ہی شائقین کی لمبی لمبی قطاریں دیکھی گئیں اور فی ٹکٹ کی ریٹ سو روپے مقرر تھی۔آئی لیگ کے میچ سے لطف اندوز ہونے کے لئے اسٹیڈیم شائقین، جن میں زن ومرد اور بچے شامل تھے، سے کچھا کھچ بھرا ہوا تھا اور اسٹیڈیم سے باہر فلائی اوور اور دیگر عمارات کے چھتوں پر بھی لوگ میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھے گئے۔اسٹیڈیم میں موجود شائقین میچ کے دوران ‘پکڑ پکڑ جم کے پکڑ، جیتے گا بھائی جیتے گا ریل کشمیر جیتے گا’ کے فلک شگاف نعرے لگارہے تھے اور اپنے ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لئے باربار تالیاں بجا رہے تھے۔منتظمین نے سنڈے مارکیٹ کے پیش نظر میچ شروع ہونے کے وقت میں تبدیلی لائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا: ‘میچ صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوگا۔ فٹ بال شائقین سے گزارش ہے کہ وہ میچ شروع ہونے سے قبل ہی اسٹیڈیم پہنچے تاکہ وہ میچ کے ہر ایک سکینڈ سے لطف اٹھا سکیں’۔سری نگر میں آئی لیگ کے رواں سیشن کا پہلا میچ 26 دسمبر کو کھیلا گیا جس میں میزبان ٹیم نے دفاعی چمپئن چنئی فٹ بال کلب کو دو – ایک سے ہرا دیا۔ اس میچ کو دیکھنے کے لئے ہزاروں کی تعداد میں فٹ بال شائقین بشمول زن و مرد اسٹیڈیم امڈ آئے تھے۔ اسٹیڈیم کے باہر فلائی اوور اور دیگر عمارات کے چھتوں پر بھی شائقین میچ سے لطف اندوز ہوتے ہوئے دیکھے گئے تھے۔ میچ کو اسٹار اسپورٹس کی ڈی اسپورٹس چینل پر براہ راست نشر کیا گیا۔ آئی لیگ سیشن 2019-20 کے 12 اور 15 دسمبر کو ہونے والے دو میچز شدید دھند کے باعث معطل ہوئے تھے۔بتادیں کہ وادی کشمیر میں پانچ اگست کے بعد پیدا شدہ صورتحال کے بعد قومی سطح کے فٹ بال ٹورنامنٹ ا?ئی لیگ کے یہ میچز یہاں سب سے بڑی کھیل سرگرمی ہے کیونکہ سال گزشتہ کے دوران جہاں تعلیمی سرگرمیاں از حد متاثر رہیں وہیں سرکاری و غیر سرکاری سطح پر منعقد ہورہی کھیل سرگرمیاں بھی بطور کلی مفقود ہوکررہ گئیں جس کے باعث ایک طرف کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور ان کا مظاہرہ کرنے سے محروم ہوئے دوسری طرف کھیل سرگرمیوں کی معطلی سے کھیل شائقین پر بھی مایوسی چھا گئی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا