چین نے ایرانی جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ردعمل دیتی ہوئے امریکا پر زور دیا ہے کہ طاقت کا بے جا استعمال نہ کرے۔خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق چین کے وزیرخارجہ وانگ یی نے بغداد میں جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر ایرانی ہم منصب کو فون کیا اور صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وانگ یی نے امریکا پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ‘طاقت کا بے جا استعمال نہ کریں اور معاملاتکا حل مذاکرات کے ذریعے تلاش کریں’۔ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف سے بات چیت کے دوران جنرل سلیمانی کی ہلاکت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘امریکا کا خطرناک ملٹری ا?پریشن بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اقدار کی خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے میں کشیدگی اور انتشار میں اضافہ ہوگا’۔چین نے گزشتہ روز ایرانی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد پیدا ہونے والی کشیدگی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے امریکا سمیت تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ ہم عراق کی آزادی اور علاقائی خودمختاری کے احترام کے ساتھ مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام کا مطالبہ کرتے ہیں۔چین کے علاوہ دیگر عالمی طاقتوں کی جانب سے بھی ایرانی جنرل کی ہلاکت پر اپنے شہریوں کو مشرق وسطیٰ کا سفر نہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے دونوں فریقین سے تحمل پر زور دیا تھا۔برطانوی وزیر خارجہ ڈومینیک ریب نے بھی تحمل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ تنازع کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔جرمن حکومت کے ترجمان الریک ڈیمر نے امریکی اقدام کی حمایت تو نہیں کی لیکن انہوں نے اس کارروائی کو ایران کی جانب سے مستقل جارحیت اور اشتعال انگیز کارروائیوں کا نتیجہ قرار دیا۔