وادی میں موجودہ بجلی نظام کا جائزہ لیا
لازوال ڈیسک
سری نگر؍؍صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے آج محکمہ بجلی کے چیف انجینئر کو ہدایت دی کہ وہ بجلی چوری اور غیر قانونی بجلی کنکشن کا عمل روکنے کے لئے انفورسمنٹ ٹیموں کی تشکیل یقینی بنائیں۔اُنہوں نے متعلقین کو یقین دہانی کی کہ جہاں بھی مجسٹریٹ یا پولیس عملے بشمول زنانہ پولیس کی ضرورت ہو وہاں ضلع انتظامیہ / محکمہ پولیس ضروری عملہ فراہم کرے گا۔متعلقہ افسروں کو مزید ہدایت دی گئی کہ وہ ایسے صارفین کے ہیٹر ،بوائلر و دیگر بجلی سے چلنے والے آلات ضبط کریں اور متعلقہ قانون کے تحت خلاف ورزی میں ملوث لوگوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائے۔اُنہوں نے کہا کہ اس مہم کی بدولت بجلی کی وولٹیج میں بھی اضافہ ہوگا۔ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ مہم کی نگرانی عمل میں لاتے ہوئے ہفتہ وار رِپورٹ صوبائی کمشنر کے دفتر میں پیش کریں۔یہ ہدایات صوبائی کمشنر کشمیر نے صوبہ کشمیر کے بجلی کے منظر نامے کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر نے تمام ڈپٹی کمشنروں سے تفصیلی فیڈ بیک حاصل کیا ۔میٹنگ کے دوران ٹرانسفارمروں کی دستیابی ، لکڑی کے بجلی کھمبوں کو بدلنے اور مختلف بجلی کی سکیموں کی عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ لکڑی کے بجلی کھمبوں کو بدلنے و دیگر ضروری ترقیاتی کاموں کو عملانے کے لئے چالیس کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے ۔صوبائی کمشنر نے پاور کارپوریشن کو ہدایت دی کہ وہ ڈپٹی کمشنروں اور محکمہ بجلی کے حق میں ضروری رقومات واگزار کریں تاکہ صوبہ کشمیر میں لکڑی کے بجلی کھمبوں کو بدلنے کے عمل میں سرعت لائی جاسکے۔پاور کارپوریشن ، نجی کارخانہ داروں جو خراب بجلی ٹرانسفارمروں کی مرمت عمل میں لاتے ہیں کے اِلتوا میں پڑے رقومات کی ادائیگی کی یقینی بنائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا کہ اضافی ٹرانسفارمر اور کھمبے بہت جلد فراہم کئے جائیں گے۔ایم ڈی کے پی ڈی سی ایل محمد اعجاز ، چیف انجینئر صاحبا ن ، سپر انٹنڈنگ انجینئر ان و دیگر متعلقہ افسران نے میٹنگ میں شرکت کی جبکہ وادی سے تعلق رکھنے والے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی۔