یواین آئی
سرینگر؍؍ سری نگر کے پائین شہر کے کائوڈارہ علاقہ میں ہفتہ کے روز ہونے والے ایک پْراسرار دھماکے میں تین شہریوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ جموں وکشمیر پولیس کا کہنا ہے کہ وہ یہ پتہ لگانے میں جٹ گئی ہے کہ آیا یہ دھماکہ گرینیڈ پھینکنے سے ہوا ہے یا کسی دوسری دھماکہ خیز شے کے پھٹ جانے سے۔ جائے واردات پر پہنچنے والے نامہ نگاروں اور ویڈیو جرنلسٹس کو مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہفتہ کو دوپہر قریب 12 بجکر 20 منٹ پر کائوڈارہ میں ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں تین عام شہریوں کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں جنہیں فوری طور پر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جبکہ سڑک پر کھڑی متعدد گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہوگئے۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا کہ دھماکے کے بعد علاقہ میں موجود سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے علاقے کو محاصرے میں لینے کے دوران کچھ گاڑیوں کو نقصان پہنچایا۔ادھر پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لئے تحقیقات شروع کردی ہے۔ پولیس نے دھماکے میں کسی کے زخمی ہونے سے بھی انکار کردیا ہے۔