ضلع آفیسران کو سختی سے یومِ جمہوریہ میں شامل ہونے کی ہدایت
عمرارشدملک
راجوری ؍؍ یومِ جمہوریہ 2020 کی تقریب کی تیاریوں کے سلسلہ میں ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نظیر شیخ کی قیادت میں ضلع آفیسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈی سی راجوری شیر سنگھ، ایڈیشنل ایس پی راجوری لیاقت علی، ائے سی آر راجوری محمد اشرف، ائے سی ڈی راجوری سشیل کمار کھجوریہ، سی پی او راجوری، ایگزیکٹو انجینئر پی ڈبلیو ڈی، ایگزیکٹو انجینئر بجلی، تحصیلدار راجوری شیراز چوہان، ضلع انفارمیشن آفیسر نریندر رینہ اور دیگر ضلع آفیسران بھی موجود تھے جبکہ پرائیویٹ اسکولوں کے مالکان و پرنسپل اجلاس میں شامل تھے۔ وہیں اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری محمد نظیر شیخ نے یومِ جمہوریہ کی تقریب کا جائزہ لیا اور ہر ایک آفیسر کو الگ الگ تیاریوں میں تعینات کیا تاکہ ضلع سطح کی تقریب کو بہتر بنایا جاسکے۔ محمدنظیر شیخ نے آفیسران کو سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ یومِ جمہوریہ کی تقریب میں سب کی حاضری لازمی ہے اور جو کوئی بھی غائب ہوگا اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے پرائیویٹ اسکولوں کو بھی ہدایت دی ہے کہ یومِ جمہوریہ کے پروگراموں میں حصہ لے اور کلچرل اور پریڈ دونوں میں شمولیت ہونی چاہئے۔ وہیں اس دوران انہوں نے کہا کہ آیندہ دو مرتبہ پھر سے جائزہ میٹنگ ہوگی تاکہ ہم یومِ جمہوریہ کے پروگرام کو خوبصورت انداز میں منا سکے۔