لیفٹیننٹ گورنر نے بنیادی سطح پر کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے پر زور دیا
لازوال ڈیسک
جموں؍؍لیفٹیننٹ گورنر گریش چندر مرمو نے آج یہاں سول سیکرٹریٹ میں محکمہ امور نوجوان و کھیل کود کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے سلسلے میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افسروں پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر میں بنیادی سطح پر کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے اقدامات کریں۔میٹنگ میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان محکمہ خزانہ کے فائنانشل کمشنر ارون کمار مہتا ،امور نوجوان و کھیل کود کے سپیشل سیکرٹری سرمد حفیظ ، ڈائریکٹر جنرل یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس ڈاکٹر سلیم الرحمان ، سیکرٹری جے اینڈ کے سپورٹس کونسل ڈاکٹر نسیم جاوید چودھری کے علاوہ متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔جموںوکشمیر کے دُور دراز علاقوں میں کھیل کود کے بنیادی ڈھانچے کو ترقی دینے کے سلسلے میں لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ اُن پنچایتوں کی فہرست تیار کریں جہاں ابھی تک کھیل کے میدان تعمیر نہیں کئے گئے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ یہ کام ڈپٹی کمشنرصاحبان انجام دیں گے اور کھیل کے میدان تعمیر کرنے کے لئے مناسب اراضی کی نشاندہی کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک علاقے میں مقامی سپورٹس کلب اور اکیڈیمی قائم کی جانی چاہیئے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے تمام ہائی سکولوں میں ایک فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کی تعیناتی یقینی بنائی جانی چاہیئے تا کہ مستفید ہوں۔اِس موقعہ پر لیفٹیننٹ گورنر کو بتایا گیا اس سال جموں وکشمیر سے بڑی تعداد میں کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر سونے کے تمغے حاصل کئے۔