یو این آئی
بھوپال؍؍مدھیہ پردیش کے وزیراعلی کمل ناتھ نے کانگریس کے 134ویں یوم تاسیس پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس کے یوم تاسیس کے بعد سے ہی ہندوستان کی آزادی کی لڑائی سے لے کر ملک کی ترقی میں تعاون کی شاندار تاریخ رہی ہے ۔مسٹر کمل ناتھ نے کانگریس کے یوم تاسیس کے موقع پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج کے دن کانگریس کے یوم تاسیس پر ہمیں ‘آئین بچاؤ -بھارت بچاؤ’کا پیغام بھی ہر شخص تک پہنچانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارے سامنے کئی چیلنج اور خراب حالات ہیں،ہم سبھی کو پر امن طریقے سے آپسی بھائی چارے -محبت اور پیار سے ان کا سامنا کرنا ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہندوستان کی شناخت ہمارے آئین اور ہماری ثقافت سے ہے ۔ہماری ثقافت سبھی کو جوڑنے والی ہے ۔آج ہماری سماجی ہم آہنگی پر وار کرکے ،آئین کے بنیادی جذبے سے کھلواڑ کی کوشش کی جارہی ہے ۔ہم سبھی کانگریسی آج کے دن یہ عزم کرتے ہیں کہ ہم آئینی اور سیکولر اقدار سے کسی بھی قسم کی چھیڑخانی برداشت نہیں کریں گے ،پرامن انداز سے ہرشخص کے ساتھ مل کر اس کی پرزور مخالفت کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے آزادی کے لئے جدوجہد کی ہے ،جدوجہد سے ہم گھبراتے نہیں،ملک کی شناخت کھونے نہیں دیں گے ،آئین کے ساتھ کھلواڑ نہیں ہونے دیں گے ۔یہ ملک آئین سے چلے گا۔تاناشاہی سے نہیں۔