نئی دہلی،27 دسمبر ( یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے آج کہا ہے کہ عالمی مندی ایک عارضی مرحلہ ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہندوستان جلد ہی اس سے باہر نکل آئے گا۔ آج شملہ میں ہماچل پردیش گلوبل انویسٹرس میٹ (کانفرنس) کی پہلی گراؤنڈ بریکنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مودی حکومت اس کے لئے انتھک کام کر رہی ہے مسٹر شاہ نے کہا کہ 2024 تک ہندوستان 50 کھرب ڈالر والی معیشت بن جائے گا اور وہ چوٹی کی تین عالمی معیشتوں میں سے ایک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں عالمی معیشت کی فہرست میں ہم 11ویں نمبر پر رہے اور ہماری معیشت کا سائز20کھرب ڈالر تھا اور پانچ سال کے بعد ہندوستان گیارہ نمبر سے سات پر آ گیا ہے اور ہماری معیشت30 کھرب ڈالر کے نشانے پر پہنچ چکی ہے۔
مسٹر امت شاہ نے مزید کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے قابل تجدید توانائی پر توجہ نے اس بات کا یقینی دلایا ہے کہ ہندوستان آج قابل تجدید توانائی کے سیکٹر کے لئے سب سے بڑی ابھرتی ہوئی مارکیٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جناب نریندر مودی کی اصلاح ، کارکردگی اور کایا پلٹ اپروچ کے نتائج عالمی اشاریوں میں واضح طور پر نظر آ رہے ہیں ان میں سے 2014 سے 2019 کے دوران پانچ سال کے عرصے میں ہندوستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری دکھائی دی ہے۔