لازوال ڈیسک
بڈگام؍؍مذہبی رواداری کیلئے قومی فاؤنڈیشن کے سیکرٹری منوج پنت نے اسسٹنٹ سیکرٹری روی شنکر ترپاٹھی اور ڈپٹی کمشنر بڈگام طارق حسین گنائی کے ساتھ ایک میٹنگ کے دوران بڈگام ضلع میں پروجیکٹ اسسٹ فائنانشل اسسٹنس سکیم کی عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ میں اے ڈی سی مشتاق احمد ، اے سی آر ظفر شال ، ڈی ایس ڈبلیو او ڈاکٹر سیّد فرحانہ اور ڈی آئی او تجمل یوسف کے علاوہ دیگر کئی اَفسران موجود تھے ۔ میٹنگ میں موجود کچھ طالب علموں کے ساتھ بات کرتے ہوئے سیکرٹری موصوف نے کہا کہ میٹنگ کے اِنعقاد کا مقصد اِس سکیم سے مستفید ہونے والے بچوں کے بارے میں بنیادی اور ضروری جانکاری حاصل کرنا ہے ۔ اُنہوں نے کہا کہ اِس وقت بڈگام ضلع میں این ایف سی ایچ کے ساتھ 131 طالب علم جُڑے ہیں جن کو مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے جبکہ 57 طالب علموں نے پہلے ہی اپنی تعلیم مکمل کی ہے ۔ سیکرٹری موصوف نے اس سکیم کے تحت نئے مستحق بچوں کی نامزدگی کے احکامات دئیے تا کہ انہیں بھی اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کیلئے مالی معاونت فراہم کی جا سکے ۔ میٹنگ میں جانکاری دی گئی کہ طالب علموں کو مالی معاونت فراہم کئے جانے کے علاوہ این ایف سی ایچ کے تحت اُنہیں دیگر طریقوں سے بھی مدد فراہم کی جاتی ہے تا کہ وہ ذمہ دار شہری بن سکیں ۔ بڈگام کے طالب علموں پر سیکرٹری موصوف نے زور دیا کہ وہ مستحق ہونے کی صورت میں اس سکیم سے زیادہ سے زیادہ اِستفادہ کریں ۔ اِس موقعہ پر ڈپٹی کمشنر بڈگام نے کہا کہ 7؍ جنوری کو ان طالب علموں کیلئے ایک روزہ کونسلنگ پروگرام منعقد کیا جائے گا اور متعلقہ کونسلر ان طالب علموں کو کیرئیر کے بارے میں جانکاری دیں گے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایسے طالب علموں کی رہنمائی کیلئے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے ہیں ۔ اسسٹنٹ سیکرٹری نے اپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے این ایف سی ایچ کے کام کاج کے بارے میں جانکاری دی اور کہا کہ سال 2004ء سے بیشتر طالب علم اس سکیم سے اِستفادہ کر رہے ہیں ۔ پروگرام کے آخر میں ڈی ایس ڈبلیو او ڈاکٹر سیّد فرحانہ نے بڈگام میں یتیم اور لاچار بچوں کو معاونت فراہم کرنے کیلئے این ایف سی ایچ کا شکریہ ادا کیا ۔