یواین آئی
جموں؍؍سال 2019 کے دوران قریب 77 لاکھ یاتریوں نے جموں کے ضلع ریاسی میں ترکوٹہ پہاڑیوں میں واقع شری ماتا ویشنو دیوی گھپا مندر کی یاترا کی جبکہ سال گزشتہ زائد از 84 لاکھ یاتریوں کو پروتر گھپا مندر کا درشن نصیب ہوا تھا۔شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کے ایک عہدیدار نے اعداد وشمار فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال2019 اختتام پذیر ہونے میں ابھی کچھ دن باقی ہیں جس دوران قریب ایک لاکھ یاتری پروتر گھپا کی درشن کرسکتے ہیں جس سے سال 2019کے دوران پروتر گھپا کی درشن کرنے والے یاتریوں کی تعداد قریب 77 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ امسال یاترا کے دوران سال رواں کے ماہ اکتوبر میں نوراترا کے موقع پر نصب کیا گیا ‘گولڈن گیٹ’ یاتریوں کا مرکز رہا۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ سال 2019 کے 11 ماہ کے دوران زائد از 73 لاکھ یاتریوں نے پروتر گھپا کی یاترا کی اور ماہ جون اور جولائی میں یاتریوں کی سب سے زیادہ تعداد درج کی گئی۔انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے پانچ اگست کے جموں کشمیر کو دفعہ 370 اور دفعہ 35 اے کی تنیسخ کے فیصلے کے پیش نظر ماہ اگست، ماہ ستمبر اور ماہ اکتوبر کے دوران یاتریوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی تاہم ماہ اکتوبر میں نوراترا کے دوران یاتریوں کی تعداد میں ایک بار پھر اضافہ ہونے لگا۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ ماہ اکتوبر میں نوراترا کے 9 دنوں کے دوران قریب پونے چار لاکھ یاتریوں نے شری ماتا ویشنو دیوی گھپا کی یاترا کی۔انہوں نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ماہ جنوری میں 5 لاکھ 1 ہزار 8 سو 80 یاتریوں نے شری ماتا ویشنو دیوی گھپا کی یاترا کی جبکہ ماہ فروری میں 2 لاکھ 69 ہزار7 سو 39، ماہ مارچ میں 4 لاکھ 62 ہزار 3 سو 69، ماہ اپریل میں 6 لاکھ 90 ہزار 8 سو 93، ماہ مئی میں 8 لاکھ 7 ہزار 1 سو 25، ماہ جون میں 11 لاکھ 59 ہزار 7 سو 15، ماہ جولائی میں 8 لاکھ 45 ہزار 71، ماہ اگست میں 6 لاکھ 2 ہزار 88، ماہ ستمبر میں 6 لاکھ 56 ہزار 1 سو 67، ماہ اکتوبر میں 7 لاکھ 96 ہزار 87، ماہ نومبر میں 5 لاکھ 77 ہزار7 سو 57 اور ماہ دسمبر کی 20 تاریخ تک 2 لاکھ 83 ہزار 4 سو 58 یاتری پروتر گھپا کے درشن سے فیضیاب ہوئے۔موصوف عہدیدار نے کہا کہ سال 2018 میں زائد از 84 لاکھ یاتریوں نے شری ماتا ویشنو دیوی گھپا کی یاترا کی تھی جبکہ سال 2017 کے دوران بھی قریب 82 لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کی یاترا کی تھی۔انہوں نے کہا کہ شرائن بورڈ روزانہ بنیادوں پر 50 سے 60 ہزار یاتریوں کو ہینڈل کرسکتا ہے تاہم ماہ دسمبر میں سردی میں اضافہ درج ہونے کے بعد روزانہ بنیادوں پر 12 سے 15 ہزار کے درمیان ہی یاتری پوتر گھپا کی یاترا کررہے ہیں۔ادھر شرائن بورڈ کے نئے چیف ایگزیکٹو افسر رمیش کمار کا کہنا ہے کہ سال نو کے پیش نظر بھون کی یاترا کے لئے آنے والے یاتریوں کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ راستے میں یاتریوں کے لئے مٹی کے برتن اور روایتی انگیٹھیاں دستیاب رکھی گئی ہیں تاکہ یاتری برف پوش راستے کو طے کرنے کے دوران اپنے آپ کو گرم رکھ سکیں۔قابل ذکر ہے کہ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر گریش چندرا مرمو نے ماہ رواں میں ہی شری ماتا ویشنو دیوی شرائن بورڈ کی65 ویں میٹنگ کی بحیثیت چیئرمین صدارت کرتے ہوئے پوتر گھپا کی یاترا کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کی وکالت کی۔میٹنگ میں بورڈ کے رواں سال کے سالانہ گرین پلان کی عمل آوری پر نظر ثانی بھی کی گئی اور سال 2020-19 کے لئے سالانہ گرین پلان منظور بھی کیا گیا۔